قومی اسمبلی، طارق بشیر کے زرتاج گل کو نازیبا الفاظ کہنے پر اپوزیشن کی ہنگامہ آرائی

اسلام آباد(بیورورپورٹ)قومی اسمبلی کے اجلاس میں ق لیگ کے رہنما طارق بشیر چیمہ کی جانب سے زرتاج گل کو نازیبا الفاظ کہنے پر سنی اتحاد کونسل کے ارکان کی ہنگامہ آرائی ، احتجاج تفصیلات کے مطابق ،قومی اجلاس کے دوران سنی اتحاد کونسل نے ق لیگ کے رہنما طارق بشیر چیمہ کی جانب سے زرتاج گل کو نازیبا الفاظ کہنے پر احتجاج کیا،طارق بشیر چیمہ کی تقریر کے دوران زرتاج گل بہاولپور کا ذکرکرتی رہیں، وہ انہیں بہاولپور یونیورسٹی تصویر سکینڈل کا حوالہ دیتی رہیں،اس دوران طارق بشیر نے زرتاج گل کی نشست پر جاکر مبینہ طور پر کچھ نازیبا الفاظ کہے جس کے بعد سنی اتحاد کونسل کے ارکان غصے میں آکر طارق بشیر چیمہ کی طرف لپکے تاہم طارق بشیر کو آغا رفیع اللہ ایوان سے باہر لے گئے،بعد ازاں زرتاج گل اور پی ٹی آئی ارکان سپیکر کے چیمبر میں پہنچ گئے،قومی اسمبلی کا اجلاس آج دن 11 بجے تک ملتوی کر دیا گیا ہے ادھرقومی اسمبلی میں تلخ کلامی کے معاملے پر طارق بشیر چیمہ نے زرتاج گل سے معافی مانگ لی،طارق بشیر چیمہ نے کہا مجھے اپنے الفاظ پر افسوس ہے اور میں زرتاج گل سے معافی مانگتا ہوں، جبکہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی رہنما و ایم این اے زرتاج گل کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست پر وکیل درخواست گزار سے ریکارڈ طلب کر لیا،عدالت نے زرتاج گل کے وکیل کو ریکارڈ سمیت اگلے ہفتے پیش ہونے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت اگلے ہفتے تک کیلئے ملتوی کر دی۔