بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام ،رقوم کی تقسیم کیلئے مستحقین کو ہرممکن سہولیات فراہم کی جائیں: کمشنر ساہیوال

ساہیوال (بےورو رپورٹ) بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت مستحق افراد کو مالی امداد کی چوتھی قسط کی تقسیم آج سے ساہیوال ڈویژن میں شروع ہو رہی ہے جس دوران 3لاکھ 14ہزار 979 مستحقین کو سہ ماہی امداد کی رقم تقسیم کی جائیگی جس کیلئے31سنٹرز قائم کئے گئے ہیں۔ ان سنٹرز پر انتظامات کو حتمی شکل دینے کیلئے ایک خصوصی اجلاس کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کی زیر صدارت کمشنر آفس میں منعقد ہوا جس میں تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز صائمہ علی، کیپٹن (ر) فرخ عتیق خان اور سعدیہ مہر، ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈپٹی ڈائریکٹر پسپ ساہیوال عاصم علی اور پولیس، حبیب بنک اور نادرا کے نمائندوں نے شرکت کی۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے ہدایت کی کہ آنے والے مستحقین خصوصا ًخواتین کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں خاص طور پر گرمی کے موسم کی مناسبت سے پینے کے ٹھنڈے پانی، ٹینٹ اور پنکھوں کا انتظام کیا جائے جبکہ ایمرجنسی کی صورت میں فوری طبی امداد کی فراہمی کیلئے طبی کیمپ بھی ہر سنٹر میں قائم ہو۔ ڈپٹی ڈائریکٹر بسپ عاصم علی نے بتایا کہ ضلع ساہیوال میں 90361مستحقین کو مالی امداد فراہم کی جائیگی جس کیلئے 9 سنٹرز بنائے گئے ہیں۔ اسی طرح ضلع اوکاڑہ میں 145079مستحقین کیلئے13سنٹرز اور ضلع پاکپتن میں 79539مستحقین کیلئے9سنٹرز قائم کئے گئے ہیں جہاں بینک کے مقررکردہ ایجنٹس نقد مالی امداد تقسیم کریں گے۔ دوسری طرف کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کا احسن اقدام، شہر کے دونوں بڑے کالجز میں طلبہ و طالبات کی ضروریات پوری کرنے کیلئے پینے کے اضافی پانی کی فراہمی شروع، پسپ پروگرام کے تحت نصب دو نئے ٹیوب ویلز سے پانی فراہم کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق شہر کے دونوں بڑے تعلیمی اداروں گورنمنٹ بوائز کالج اور گورنمنٹ گرلز کالج میں طلبہ و طالبات عرصہ دراز سے پینے کے پانی کی کمی کا شکار تھے جس سے دوران تعلیم انہیں شدید پریشانی کا سامنا تھا۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے اس مسئلے کی سنگینی کے پیش نظر سٹی منیجر پسپ اسجد خان کو ہدایت کی کہ ملحقہ آبادیوں کیلئے لگائے جانیوالے نئے ٹیوب ویلز سے ان تعلیمی اداروں کو بھی پانی فراہم کیا جائے جس پر پسپ حکام نے دونوں تعلیمی اداروں کو اضافی پائپ لائن سے پانی کی فراہمی ممکن بنادی ہے جس سے سینکڑوں طلبہ و طالبات کا ایک درینہ مسئلہ حل ہو گیا ہے۔ گورنمنٹ گرلز کالج کی طالبات کو واٹر فلٹریشن پلانٹ سے صاف پانی کی سہولت بھی مہیا کی گئی ہے۔