اسلام آباد:(بیورورپورٹ)چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دئیے ہیںکوئی ایک حکومت ٹھیک نہیں چل رہی، لگتا ہے کسی دشمن ملک میں بیٹھے ہیں،یونیورسٹیاں پاکستان کا مستقبل ہیں، منظم طریقے سے ملک کو تباہ کیا جا رہا ہے۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں عدالت عظمیٰ کے 3 رکنی بنچ نے ملک بھر کی سرکاری یونیورسٹیوں میں مستقل وائس چانسلرز تعیناتیاںکیس پر سماعت کی،ہائر ایجوکیشن کی طرف سے رپورٹ پیش کی گئی،رپورٹ میں بتایا گیا پاکستان میں کل 154 سرکاری یونیورسٹیاں ہیں، 66 یونیورسٹیوں میں وائس چانسلر کےلئے اضافی چارج دیا گیا یا عہدے خالی ہیں۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے محکمہ تعلیم میں بیٹھے افسر کیا مکھیاں مار رہے ہیں، یونیورسٹیاں پاکستان کا مستقبل ہیں، منظم طریقے سے پاکستان کے مستقبل کو تباہ کیا جارہا ہے،ملک میں سب کچھ آہستہ آہستہ زمین بوس ہورہا ہے،ٹی وی چینلز میں بیٹھ کر سیاسی مخالفین کا غصہ نظر آتا ہے لیکن تعلیم کے معاملے پر ٹی وی چینلز میں کوئی پروگرام نہیں ہوتے اگر کالم گلوچ کے اعدادوشمار جاری ہوں تو پاکستان پہلی پوزیشن پر آئے گا، کچھ لوگ سکولوں کو تباہ کر کے کہہ رہے ہیں اسلام کی خدمت کررہے ہیں،سکولوں کو تباہ کرنےوالے ایسے لوگوں سے حکومتیں پھر مذاکرات بھی کرتی ہیں جس طرح پی آئی اے میں تباہی ہوئی اسی طرح یونیورسٹیوں میں بھی تباہی ہورہی ہے،جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہاکوئی ایک حکومت بھی ٹھیک نہیں چل رہی، لگتا ہے کسی دشمن ملک میں بیٹھے ہیں، صرف تعلیم کا شعبہ ٹھیک کر دیں پورا ملک ٹھیک ہو جائے گا۔
کوئی حکومت ٹھیک نہیں چل رہی، لگتا ہے دشمن ملک بیٹھے ہیں،چیف جسٹس



















