پیغام دیا گیا پیچھے ہٹ جاو، جسٹس بابر ستار، الزام مسترد،کوئی مداخلت نہیں، حکومت

اسلام آباد: (بیورو رپورٹ) آڈیو لیکس کیس میں پیغام دیا گیا پیچھے ہٹ جاو، جسٹس بابر ستارنے عدلیہ میں مبینہ مداخلت پر چیف جسٹس عامر فاروق کو ایک اور خط لکھ دیا۔

خط میںجسٹس بابر ستار نے انکشاف کیا آڈیو لیکس کیس میں سکیورٹی اسٹیبلشمنٹ کے ٹاپ آفیشل کی طرف سے پیغام ملا سرویلنس کے طریقہ کار کی سکروٹنی کرنے سے پیچھے ہٹ جاو،میں نے دھمکی آمیز حربے پر کوئی توجہ نہیں دی ایسے پیغامات سے انصاف کے عمل کو کافی نقصان پہنچنے کا خطرہ ہے۔

جسٹس بابر ستار نے کہاپی ٹی اے سے متعلقہ مقدمات میں بدنیتی پر مبنی مہم کا فوکس عدالتی کارروائی کو متاثر کرنے کےلئے دھمکی آمیز حربہ معلوم ہوتا ہے ، آڈیو لیکس کیس میں خفیہ ،تحقیقاتی اداروں، متعلقہ وزارتوں، ریگولیٹری باڈیز، آئی ایس آئی ، آئی بی، ایف آئی اے، ریگولیٹری باڈیز پی ٹی اے ، پیمرا کو عدالت نے نوٹس جاری کئے۔

دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ میں جسٹس بابر ستار فیملی کی خفیہ معلومات لیک کرنے پر توہین عدالت کیس پر سماعت ہوئی،جسٹس محسن اختر کیانی نے سرکاری وکیل سے مکالمہ کیا توہین عدالت کی کارروائی شروع کرنے جا رہے ہیں، کچھ ٹوئٹر اکاو¿نٹس، کچھ ہیش ٹیگز بھی شامل ہیں، معزز جج کےخلاف سوشل میڈیا پر مہم چلائی گئی، موجودہ جج کی وہ معلومات پبلک کی گئیں جو کوئی عام بندہ نہیں نکال سکتا، جسٹس بابر ستار فیملی کی ذاتی معلومات سوشل میڈیا پر جاری کی گئیں۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دئیے ذاتی معلومات یا تو سرکاری اداروں سے ہیک کرکے لی گئیں یا کسی ادارے نے دیں، کیس میں آئی ایس آئی، انٹیلی جنس بیورو (آئی بی)، ملٹری انٹیلی جنس (ایم آئی) سمیت تمام خفیہ اداروں کے کردار کو دیکھنا ہے، موجودہ جج کےخلاف سوشل میڈیا مہم کامقصد کیس پر اثر انداز اور جج کو دباو میں لانا ہے،جسٹس محسن اختر کیانی نے دریافت کیا بڑا آسان ہے وار فئیر ہے، مگر وار فئیر صرف عدلیہ کےلئے کیوں؟ کسی میں اتنی ہمت نہیں جج کو اپروچ کریں مگر یہ کام کرتے ہیں۔

جسٹس طارق محمود جہانگیری نے ریمارکس دئیے کیس میں جو جو ملوث ہوں گے ان کےلئے نتائج سنگین ہوسکتے ہیں،بعد ازاں عدالت نے آئی ایس آئی، آئی بی، پی ٹی اے، وزارت دفاع، اٹارنی جنرل، ایڈووکیٹ جنرل آفس، ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) ایف آئی اے، سائبر کرائم ونگ ایف آئی اے، ڈی جی پاسپورٹ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کہااداروں کے پاس ٹیکنکل ایکسپرٹس ہیں اسی بنیاد پر رپورٹ کرنی ہے،جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا وزارت دفاع کو اسی لیے نوٹس کریں گے کیونکہ سکیورٹی کے ادارے ان کے ماتحت ہیں، آرڈر پاس کریں گے جس میں باقاعدہ سوال نامہ تیار کریں گے،ڈی جی پاسپورٹ ہی بتائیں گے جو انفارمیشن آپ کے پاس تھی وہ کیسے سوشل میڈیا پر آگئی؟،بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کردی۔

دوسری جانب وفاقی وزرا نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج جسٹس بابر ستار کے عدالتی امور میں مداخلت اور دباو کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا معاملے کو اتنا آگے لےکر نہ جایا جائے کیونکہ بات قومی سلامتی کی ہے۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اطلاعات عطاتارڑ نے کہاجج بابر ستارکوکسی نے پیغام نہیں دیا آپ پیچھے ہٹ جائیں البتہ صرف ان کیمرا بریفنگ کا کہا گیا تھا ،درخواست قومی سلامتی کی وجہ سے کی گئی ،معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائےگا۔

وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہااٹارنی جنرل نے خط کے معاملے پر6 وضاحتوں کےساتھ اپنی رائے دی،میرے لیے تکلیف دہ چیز ہے تشہیر ایسے کی گئی جیسے عدلیہ میں مداخلت ہے،پہلے بھی 6جج صاحبان کا خط آیا ،حکومت نے فوری طور پر چیف جسٹس ،فل کورٹ کی ہدایات کو مدنظر رکھتے ہوئے فل کورٹ بنایا تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو،دھمکی آمیز خط کے معاملے پر سپریم کورٹ نے نوٹس لیااب معاملہ زیر سماعت ہے تو میں زیادہ بات نہیں کروں گا،آزاد عدلیہ ہی ملک کو آگے لےکر جاتی ہے،تمام اداروں کو ایک دوسرے کو تھوڑی جگہ دینی چاہیے سب اپنے اپنے دائرے میں رہ کر کام کریں۔

عطا تارڑ نے کہاان کیمرا بریفنگ کی درخواست پرسیاق و سباق سے ہٹ کر خط لکھ دیا جاتا ہے، درخواست قومی سلامتی کی وجہ سے دی گئی تھی ،واضح کردوں قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا،قومی سلامتی کے معاملات کو خطوط کے ذریعے اجاگر نہیں کرنا چاہیے،تمام اداروں کو مل جل کر کام کرنا ہو گا۔

دریں اثنااٹارنی جنرل منصور اعوان نے کہا اسلام آباد ہائی کورٹ میں مداخلت کا تاثر دیا جارہا ہے جس کی پر زور نفی کرتا ہوں،میری معلومات کے مطابق کسی بھی سکیورٹی اسٹیلشمنٹ کے افسر نے کوئی کسی قسم کا کوئی براہ راست رابطہ کیا نہ کرتے ہیں نہ کرسکتے ہیں،رابطہ اثارنی جنرل آفس کی جانب سے کیا گیا، وہ اس حد تک ہوا حساس قسم کی جو معلومات ہیں وہ ان کیمرا کی جائےں،منصور اعوان نے کہاخط کے مندرجات میں جج صاحب نے خود فرمایا موصول ہونےوالا پیغام کسی بھی طرح سے انصاف کے حصول میں مداخلت نہیں تھی،جج نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کےساتھ کمیونی کیشن کی، خط لکھا، خط کی روشنی میں یا مندرجات رپورٹ کچھ اس طرح سے ہوئے جس سے تاثر جا رہا ہے جیسے کوئی مداخلت ہو رہی ہے ۔