تشدد ہم پر ہوا،کارکنوں کو شہید کیا گیا،معافی کاکہنے والے خود مانگیں،پی ٹی آئی

فیصل آباد،پشاور،سیالکوٹ:(بیورورپورٹ)سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی عمر ایوب نے کہاہے تشدد ہم پر ہوا،کارکنوں کو شہید کیا گیا،معافی کاکہنے والے خود مانگیں۔

فیصل آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہاپی ٹی آئی پر بنائے گئے مقدمات بوگس ہیں ، ایک ہی دن میں 10مقامات پر کیسے موجود ہوسکتے ہیں، معافی کس سے مانگیں کیوں مانگیں، 15کارکن شہید کیے گئے،معافی کاکہنے والے خود مانگیں۔

اپوزیشن لیڈر نے کہاشیر افضل مروت کو شو کاز نوٹس جاری کردیا، بانی پی ٹی آئی نے ابھی قومی اسمبلی کی نشست سے استعفیٰ لینے کا نہیں کہا ، شوکاز کے بعد پارٹی کی سیاسی کمیٹی فیصلہ کرے گی،موجودہ حکومت سے ملک نہیں چل رہا ،گندم بحران میں 350 ارب کا ٹیکہ لگایا گیاتب محسن نقوی وزیراعلیٰ تھے ،ن لیگ کے لوگ بھی ساتھ شامل ہیں،سابق نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کے فارم 47 کی بات پرپٹیشن دائر کررہے ہیں،جماعت اسلامی سے ابھی بات چیت چل رہی ہے،امید ہے نئے امیر اپوزیشن الائنس کا ساتھ دیں گے۔

ادھر ڈسٹرکٹ بار سیالکوٹ میں خطاب کرتے ہوئے سابق صدر عارف علوی نے کہا 9 مئی کے ثبوت موجود ہیں،ملوث افراد کیخلاف تحقیقات ہونی چاہئیں، پوری پارٹی کو کیوں سزا دی جا رہی ہے،بانی پی ٹی آئی کہتے ہیں بات چیت حل ہے، معیشت بہتر ہونی چاہیے، سب یہی چاہتے ہیں۔

عارف علوی نے کہاپاکستان کے مالک صرف سویلین ہیں، آئین کے بغیرکوئی راستہ نہیں،6ججز نے آواز اٹھائی،نظریں عدلیہ کی طرف ہیں،شرم کی بات ہے 2کروڑ سے اوپر بچے سکولوں سے باہر ہیں، ذہن میں رکھیں پاکستان میں حادثاتی جمہوریت بنی ، کبھی یکطرفہ فیصلہ نہ کریں،حقیقی آزادی خوداری سے ملتی ہے، عمران خان جیل میں رہے گا ڈیل نہیں کرے گا،کپتان نے متعدد پیشکش ٹھکرادیں۔

دریں اثنا سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہاپی ٹی آئی کی بیک ڈور چینلز کوئی بات چیت نہیں ہورہی،9 مئی کو بہانہ بنا کر نشانہ بنایا گیا، ملک تب آگے بڑھے گا جب قانون کی عملداری ہوگی، ایک پارٹی کو فائدہ دیکر جعلی حکومت بنائی گئی، موقف سے پیچھے نہیں ہٹیں گے،اسد قیصر نے کہاخیبرپختونخوا کو فنڈز اور مرضی کا چیف سیکرٹری نہ دینا افسوس ناک ہے ، صوبے کو مرضی کا چیف سیکرٹری نہ دینا فیڈریشن کےخلاف ہے، حکمران اپنی ذات اور انا سے باہر نکلیں۔