پاکستان ایک قدم اور آگے،پہلے سیٹلائٹ ”آئی کیوب قمر“ نے چاند کی پہلی تصویر بھیج دی

بیجنگ :(مشرق نیوز)پاکستان ایک قدم اور آگے،پہلے سیٹلائٹ ”آئی کیوب قمر“ نے چاند کی پہلی تصویر بھیج دی، آئی کیوب قمر نے لانچ کے 7روز بعد چاند کے مدار سے پہلی تصویر سورج کی لی،چینی خلائی مرکز نے خصوصی تقریب میں تصویر پاکستانی سفیر کے حوالے کی،آئی کیوب قمر کی بھیجی گئی پہلی تصویر میں سورج کی روشنی دکھائی دے رہی ہے۔

سپارکو کے مطابق چاند کے مدار میں داخل ہونے والا پہلا پاکستانی سیٹلائٹ آئی کیوب قمر12گھنٹے میں چاند کا مکمل چکر لگائے گا،آئی کیوب قمر چاند کے مدار میں چاند کی سطح سے 200کلومیٹر کے فاصلے سے منظر کشی کرے گا، آئی کیوب قمر کے سگنلز 3 لاکھ 60ہزار سے لےکر 4لاکھ کلومیٹر کا فاصلہ طے کر کے زمین پر موصول کئے جائیں گے۔

ترجمان سپارکو نے کہا آئی کیوب قمر نے چاند کے گرد 3 چکر لگا لئے ، مشن 3 سے 6 ماہ تک چاند کے مدار میں گردش کرے گا،مدار پر پہنچے کے بعد سیٹلائٹ ڈیزائن کے مطابق کارکردگی کا مظاہرہ کر رہا ہے ، تمام ذیلی نظام کا ڈیٹا بہترین نتائج دے رہا ہے، امیجنگ پے لوڈ مکمل طور پر فعال ہے،مشن چاند کے مدار میں پہنچنے کے بعد 5 سے 6 دن تک تجرباتی مراحل میں رہے گا۔