اسسٹنٹ کمشنرز ہسپتالوں کے دورے، ذخیرہ اندوزوں کےخلاف سخت ایکشن لیں،ڈپٹی کمشنر ننکانہ

ننکانہ صاحب:(چودھری نصر اقبال)ضلع ننکانہ صاحب میں نئے تعینات ہونے والے تینوں اسسٹنٹ کمشنرز نے عہدے کا چارج سنبھال لیا ، وجہیہ سمرین نے اے سی ننکانہ ، انعم صغیر نے اے سی شاہکوٹ اور ظہیر الدین بابر نے اے سی سانگلہ ہل کا چارج سنبھال کر کام کا آغاز کر دیا۔

ڈپٹی کمشنر چودھر ی ارشد سے نئے تعینات ہونے والے اسسٹنٹ کمشنرز نے ڈپٹی کمشنر آفس چیمبر میں ملاقات کی، ڈپٹی کمشنر چودھری ارشد نے ضلع میں نئے تعینات ہونے والے افسران کو چارج سنبھالنے پر مبارکباد دی اور ان کےلئے نیک خواہشات کا اظہارکیا،اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ننکانہ نے افسران کو وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ترجیحی منصوبوں پر خصوصی توجہ کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ فیلڈ میں جا کر پرائس مجسٹریٹس کی پرفارمنس کو روزانہ کی بنیاد پر چیک کریں اور روٹی و نان کی قیمتوں پر عملدرآمد کو ہر صورت یقینی بنائیں، ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے اور ون ڈش کی خلاف ورزی اور وقت کی پابندی نہ کرنے والے شادی ہالز کو بھاری جرمانے کیے جائیں۔

ہدایات دیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا شہروں سمیت دیہاتوں میں جا کر صفائی ستھرائی کے عمل کو خود نگرانی کریں ، تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز اپنی حدود میں صفائی کے عمل کو ترجیح بنیادوں پر یقینی بنائیں، ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر سمیت تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتالوں اور رورل ہیلتھ سنٹرز میں ادویات کی دستیابی اور ڈاکٹرز و عملے حاضری ہم سب کی اولین ترجیح ہونی چاہیے،انہوں نے کہا اسسٹنٹ کمشنرز ہسپتالوں کے دورے کریں اور شہریوں سے طبی سہولیات کی فراہمی بارے بھی دریافت کریں۔