دہشتگرد اسرائیل بے لگام،رفح پر بھی حملہ ،متعدد شہید،حزب اللہ کاڈرون حملہ،2فوجی ہلاک

غزہ ،واشنگٹن،ریاض،تل ابیب:(مشرق نیوز،بیورورپورٹ)دہشتگرد اسرائیل بے لگام،رفاح پر بھی حملہ ،متعدد فلسطینی شہید ،رفح کراسنگ کا آپریشنل کنٹرول حاصل کرلیا ،حزب اللہ کے ڈرون حملے میں2صیہونی فوجی جہنم واصل ہوگئے۔

حماس کی جانب سے ثالث ممالک قطر و مصر کی غزہ میں جنگ بندی تجاویز پر رضامندی کے باوجود جارحیت پسند اسرائیل نے ڈھٹائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے رفح پر فضائی حملوں کا آغاز کردیا،اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے کہا حماس کی منظور کردہ تجاویز اسرائیل کے مطالبات سے دور ہے ،اسرائیلی حکومت مذاکرات کیلئے وفد بھیجے گی لیکن جنگی کابینہ میں کیے گئے فیصلے کے تحت رفاح پر کارروائی جاری رکھیں گے۔

ادھر عالمی میڈیا نے دعویٰ کیا صیہونی فوج شہر کے مشرق میں اہداف کو نشانہ بنا رہی ہے، ٹینک آگے کی جانب پیش قدمی کررہے ہیں،بمباری میں متعدد فلسطینی شہید ہو گئے،اسرائیلی فوج نے کہارفح کراسنگ کا آپریشنل کنٹرول حاصل کرلیا ،کرم ابو سالم کراسنگ صورتحال بہتر ہونے پر دوبارہ کھول دی جائے گی۔


حماس نے کہا اسرائیل یاد رکھے رفح پکنک پوائنٹ ثابت نہیں ہوگا،اسرائیلی فوج کو قیمت چکانا پڑے گی، اسرائیلی حملے کا جواب دینے کیلئے پوری طرح تیار ہیں، جنگ کا پھیلاوبہت خطرناک ثابت ہو گا۔

دوسری جانب سعودی عرب نے اسرائیل کو خبردار کرتے ہوئے کہا اسرائیل کی خونی منظم مہم پہلے ہی فلسطینیوں کو دربدر کر چکی، اسرائیل غزہ میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں فوری روکے، عالمی برادری نسل کشی آپریشن رکوانے کیلئے مداخلت کرے۔

دوسری جانب حزب اللہ کے ڈرون حملے میں2اسرائیلی فوجی ہلاک ہوگئے،العربیہ نیوز کے مطابق حزب اللہ نے اسرائیل کے میتولا نامی شمالی قصبے میں ڈرون حملہ کیا،اسرائیلی فوج کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا ،اسرائیلی فوج نے ڈرون حملے میں 2اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا حملہ لبنان سے حزب اللہ نے کیا ،بدلہ لیں گے۔