انتشاری ٹولے سے بات چیت نہیں ہوسکتی، 9 مئی کرنے اور کرانے والوں کو سزا دینا ہوگی: پاک فوج

راولپنڈی (بیورو رپورٹ) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ 9 مئی کو عوام اور فوج میں نفرت پیدا کرنے کی کوشش کی گئی، 9 مئی کرنے اور کروانے والوں کو آئین کے مطابق سزا دینا ہوگی، سزا نہ دی گئی تو کسی کی جان، مال، آبرو محفوظ نہیں ہوگی، انتشاری ٹولے کےلئے ایک ہی راستہ ہے معافی مانگے اور نفرت کی سیاست چھوڑے، فوج کا انتخابات میں کردار سکیورٹی فراہم کرنے سے زیادہ نہیں تھا، بشام خود کش حملے کی کڑیاں سرحد پار سے جا ملتی ہیں، منصوبہ بندی افغانستان میں کی گئی۔ دہشت گرد، سہولت کاروں کا کنٹرول بھی افغانستان سے کیا جا رہا تھا، پاکستان دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو ختم کرنے اور اپنے شہریوں کو ہر قیمت پر تحفظ فراہم کرنے میں کوئی کسر نہیں اٹھا رکھے گا۔ پاک فوج، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور عوام دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کےلئے ہمہ وقت تیار ہیں، خطے میں قیام امن کےلئے پاکستان کا کردار کسی سے ڈھکا چھپا نہیں، دہشت گردی کے خلاف ہماری جنگ آخری دہشت گردی کے خاتمے تک جاری رہے گی، بھارت ہمیشہ کی طرح اندورنی انتشار سے توجہ ہٹانے کےلئے جو منصوبہ بندی کررہا ہے ، پاکستان کی سول اور عسکری قیادت اس سے بخوبی آگاہ ہے، متعدد مرتبہ سیز فائر کی خلاف ورزی کی گئی، آزاد کشمیر میں نہتے شہریوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا ہے اور دیتے رہیں گے، پاکستان میں اڈے کسی کے حوالے نہیں کئے گئے، ایس آئی ایف سی کا مقصد کسی ادارے کی جگہ لینا یا قبضہ کرنا نہیں، فوج میں احتساب کا کڑا نظام ہے، فیض حمید کیخلاف سینئر لیول پر 2 سٹار جنرل انکوائری کررہے ہیں، آزادی اظہار رائے کے پیچھے چھپ کر دوست ممالک کے ساتھ روابط کو نقصان نہیں پہنچایا جاسکتا، پاکستان فلسطینیوں کیلئے بات کرتا رہیگا۔ وہ منگل کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ ایک سوال کے جواب پر ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پہلی بات تو یہ کہ 9 مئی صرف افواج پاکستان کا مقدمہ نہیں ہے، یہ پورے پاکستان کے عوام کا مقدمہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک میں اس کی فوج پر حملہ کرایا، اسکی فوج کے شہدا کی علامات کی تضحیک کی تھی، اس کے بانی کے گھر کو جلایا تھا، وہاں پر فوج اور عوام کے درمیان نفرت پیدا کی گئی، اور وہ لوگ جو یہ کر رہے ہیں، یہ کروا رہے ہیں، انکو کیفر کردار تک نہ پہنچایا جائے تو کسی بھی ملک میں ایسا ہو وہاں کے نظام انصاف پر سوال اٹھتا ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں اور اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ اگر پاکستان کے نظام انصاف پر یقین قائم رکھنا ہے اور جزا اور سزا کا وہ نظام جس پر اللہ تعالی کی یہ کائنات، یہ قدرت اور یہ نظام چلتا ہے، اگر اس پر یقین قائم رکھنا ہے تو 9 مئی کے ملزمان، اسکو کرنے والے اور اس کو کرانے والے، آئین اور قانون کے مطابق انہیں سزا دینی پڑیگی۔ میجر جنرل احمد شریف چوہدری نے 9 مئی سے متعلق بیانیہ بنائے جانے کے حوالے سے کہا کہ 9 مئی کوئی ڈھکی چھپی چیز نہیں ہے، اسکے ناقابل تردید شواہد عوام کے پاس بھی ہیں، افواج کے پاس ہی نہیں، ہم سب کے پاس ہیں، ہم نے اپنی آنکھوں سے ان واقعات کو ہوتے دیکھا، ہم سب سے دیکھا کہ کس طریقے سے لوگوں کی ذہن سازی کی گئی، انکو افواج کیخلاف، اسکی قیادت کیخلاف، ایجنسیوں اور اداروں کیخلاف جھوٹ اور پراپیگنڈے سے انکے ذہن بنائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے دیکھا کہ کچھ سیاسی رہنماﺅں نے چن چن کر اہداف دئیے کہ ادھر حملہ کرو، ادھر حملہ کرو، ہم نے دیکھا کہ چند گھنٹوں میں پورے ملک میں صرف فوجی تنصیبات پر حملے کرائے گئے اور ان واقعات کو آپ نے بھی دیکھا، کیمرے کی آنکھ نے فلمبند بھی کیا اور جب یہ شواہد اور یہ ساری چیزیں لوگوں کے سامنے آئیں تو آپ نے عوام کا غصہ اور ردعمل بھی دیکھا، آپ نے یہ بھی دیکھا کہ کس طرح سے عوام اس انتشاری ٹولے سے پیچھے ہٹی، تو جب یہ کھل کر سامنے آگیا تو وہ دوسرا فریب، دوسرا جھوٹا پروپیگنڈا شروع کیا گیا کہ یہ فالس فلیگ آپریشن تھا، یہ تو پتہ ہی نہیں کہ یہ کیا ہوا، کون، کیسے کرگیا؟ اس موقع پر انہوں نے ایک انگریزی مقولے کا حوالہ دیا اور کہا ایسے ہی لوگوں کیلئے کہا گیا ہے کہ آپ سب لوگوں کو کچھ وقت کیلئے بیوقوف بناسکتے ہیں، کچھ لوگوں کو ہمیشہ بیوقوف بناسکتے ہیں، لیکن آپ سب لوگوں کو ہمیشہ کیلئے بیوقوف نہیں بناسکتے، تو یہ جھوٹ اور یہ فریب میرے بھائی نہیں چل سکتا، یہ جو میں نے آپکو بتایا، جو آپ نے دیکھا، یہ آپ لوگوں کے سامنے ہے، اگر آپ اجازت دیں تو میں آپکو اس کی چھوٹی سی جھلک دکھاتا ہوں تاکہ آپ کی یادداشت تازہ ہو کہ 9 مئی کا دن کیا تھا۔اس موقع پر ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے 9 مئی 2023 کو پیش آئے توڑ پھوڑ واقعات سے متعلق کچھ مناظر بھی نشر کئے گئے اور کچھ پی ٹی آئی رہنماﺅں کے بیانات بھی نشر کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مناظر دیکھ کر انسان خون کے آنسو روتا ہے کہ کس طرح معصوم بچوں کو ذہنی طور پر ورغلایا گیا، کس طرح ان میں زہر ڈالا گیا، کس طرح اپنے مذموم سیاسی مقاصد کیلئے اپنے ملک کی فوج، اپنے ہی شہیدوں اور اپنی ہی املاک کو آگ لگائی۔ انہوں نے کہا کہ سوال یہ ہے کہ کیا یہ دنیا میں پہلی بار ہوا ہے، شاید لیکن اس سے کم درجے کے واقعات سیاسی بلوائی ساری دنیا میں کرتے آئے ہیں، دنیا کے دیگر ممالک کیا کرتے ہیں، نظر دوڑائیں تو آپکو ماضی قریب میں بھی اسکی مثال ملتی ہے، اگست 2011ءمیں لندن فسادات ہوئے، بلوائیوں نے سیاسی اور نجی املاک کو نقصان پہنچایا، اسکے بعد وہاں کا کریمنل کورٹ سسٹم اور قانون نافذ کرنے والے ادارے حرکت میں آئے، دن رات عدالتیں لگیں، جو بلوائی اور انتشاری تھے، جو انکے پیچھے کروانے والے تھے، انہیں سخت سے سخت سزائیں دلوائی گئیں، اگر ان فسادات میں 18 سال سے کم عمر بچے ملوث تھے، انہیں بھی نہیں چھوڑا گیا، انہیں بھی سزائیں دلوائی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ اسکے علاوہ 2021 میں واشنگٹن ڈی سی امریکہ میں سیاسی بلوائی کیپیٹل ہل کی عمارت میں گھسے، وہاں عمارت کو نقصان پہنچایا، توڑپھوڑ کی تو وہاں پر کوئی جوڈیشل کمیشن یا چینلز پر بحث و مباحثے نہیں شروع ہوئے، کریمنل کورٹ سسٹم آیا، لوگوں کی شناخت کی گئی اور انکو بھی جو وہاں موجود تھے یا موجود نہیں لیکن ان واقعات کے محرکات میں شامل تھے، سخت سزائیں دی گئیں، یہ آپ کے سامنے ہے۔ میجر جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ اس سے آگے بڑھیں، 9 مئی کے بعد 27 جون 2023 پیرس کے مضافات میں بلوے اور ہنگامے ہوئے، وہاں کا عدالتی نطام سرعت کے ساتھ حرکت میں آیا اور سخت سزائیں دیں، یہ میں نے آپکو چند مثالیں ماضی قریب کی دیں جن کی مثالیں ہماری اشرافیہ دیتے ہوئے تھکتی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان ممالک نے ایسا کیوں کیا، اسلئے تاکہ اس طرح کا واقعہ دوبارہ نہ ہو، تاکہ ملک میں مخصوص سیاسی مقاصد رکھنے والے انتشاری گروہ اور ٹولے ہیں انہیں یہ موقع نہ ملے کہ وہ ریاست پر اپنی مرضی سے جب چاہیں چڑھائی کردیں، وہاں پر کسی نے کسی کی فوج پر تو حملہ نہیں کیا تھا، وہاں پر کسی نے اپنے محسن، اپنے بانی کے گھر کو تو نہیں جلایا تھا، وہاں کسی نے شہیدوں کے مجسموں اور نشانیوں کو تو آگ نہیں لگائی تھی، وہاں تو اس سے بہت کم ہوا تھا۔ تو سوال یہ بنتا ہے کہ آج ہم کیوں کسی وجہ سے ایک حربہ، دوسرا تاریخی حربہ اور 9 مئی کرنے اور کرانے والوں کے مکافات عمل کو پیچھے کیوں دھکیل رہے ہیں؟ انہوں نے کہا کہ یہ سوال بنتا ہے کہ کیا ہم خدانخواستہ کسی اور 9 مئی کے سانحے کا انتظار کررہے ہیں، کہا جاتا ہے کہ جوڈیشل کمیشن بنا دیا جائے، میرا سوال یہ ہے کہ جوڈیشل کمیشن تو اس چیز پر بنتا ہے جس کے بارے میں ابہام ہو، یہ واقعات تو آپکے سامنے سامنے ہے، بالکل واضح ہے، یہ بھی واضح ہے کہ کس طرح سے ورغلایا گیا، کیسے ذہن سازی کی گئی، کیسے اہداف دکھائے گئے، کیسے نکالا گیا، اس میں بھی کنفیوژن پیدا کرنے کیلئے کہا جائے کہ جوڈیشل کمیشن بنادیں تاکہ پتا چلے کہ واقعہ ہوا ہے کہ نہیں ہوا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ہم تیار ہیں، بنادیں جوڈیشل کمیشن لیکن اگر جوڈیشل کمیشن بنانا ہے تو پھر ایک جوڈیشل کمیشن اس پورے واقعہ کی تہہ تک جائے، وہ جوڈیشل کمیشن اس بات کا بھی احاطہ کرے کہ 2014 کے دھرنے کے مقاصد کیا تھے، وہ اس بات کا بھی احاطہ کرے کہ پارلیمنٹ، پی ٹی وی، پر حملہ کیسے ہوا، کیسے کرایا گیا، کس طرح لوگوں کو یہ ہمت دی گئی کہ آپ ریاست کیخلاف کھڑے ہوں، پاسپورٹ جلائیں، سول نافرمانی کریں، بجلی کے بل جلائیں، کس طرح 2016 میں خیبر پختونخوا کے سرکاری وسائل سے دارالخلافہ پر دھاوا بولیں، پھر 2022 میں دوبارہ دھاوا بولیں۔ میجر جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ وہ جوڈیشل کمیشن یہ بھی دیکھے کہ کیسے آئی ایم ایف کو خطوط لکھے گئے، باہر فرمز کے ذریعے لابنگ کی گئی کہ پاکستان کو دیوالیہ ہونے دیا جائے، اسکو قرضہ نہ دیا جائے، کہاں سے فنڈنگ آرہی تھی، کہاں جارہی تھی، اس بات کا بھی احاطہ کیا جائے، اسکو بھی دیکھا جائے کہ وہ کون لوگ تھے جو سوشل میڈیا پر اداروں کیخلاف نفرت پھیلا رہے تھے، کیونکہ اگر ہم نے ان چیزوں کا احاطہ نہیں کیا اور کیونکہ ہم نے ان چیزوں کا احاطہ نہیں کیا تو9 مئی ہونا تھا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ اگر ایک مخصوص سیاسی ٹولہ وقت گزرنے کے ساتھ بغیر کسی سزا کے یہ سارے کام کرتا رہیگا تو ایک دن وہ اپنی فوج پر ہی چڑھ دوڑیگا، آپکے سامنے ہی ہوا، جب وہ جھوٹ بولے اور جھوٹ بولتا ہی رہے اور آپ اسکے سامنے سچ نہ بولیں تو پھر وہ ہر طرح کا فریب اور پروپیگنڈا کریگا۔ ترجمان نے کہا کہ 9 مئی کی اصل حقیقت یہ ہے کہ وہ سیاسی ٹولہ شہ ملتے ملتے یہاں تک پہنچا کہ وہ اپنی ہی فوج پر اور اپنے ہی اداروں پر حملہ آور ہوگیا اور پھر پاکستان کی جو غیرتمند، باشعور عوام ہے وہ 9 مئی کو کھڑی ہوگئی، وہ ایسے کہ انہوں نے اپنے آپ کو اس انتشاری ٹولے سے پیچھے کرلیا، انہوں نے کہا کہ میں اسکا حصہ نہیں بنوں گا، میں اسکو انکار کرتا ہوں، میں اس عمل کی نفی، اسکی مذمت کرتا ہوں، اس نے اس عمل سے کراہت کی اور جب انہوں نے عوامی رد عمل دیکھا تو دوسرا جھوٹ اور پراپیگنڈا کیا کہ ہم تو خود مظلوم ہیں۔ انہوںنے کہاکہ اس بات کی اجازت نہیں دی جاسکتی کے عوام کو اتنا بیوقوف سمجھا جائے، جھوٹ پر جھوٹ اور فریب پر فریب، اس لئے میں نے شروع میں یہ کہا تھا کہ 9 مئی کا مقدمہ پاک فوج کا مقدمہ نہیں، یہ عوام پاکستان کا مقدمہ ہے، یہ ہم سب کا مقدمہ ہے، 9 مئی کو کرنے اور کروانے والوں کو آئین کے مطابق سزا نہ دی گئی تو اس ملک میں کسی کی جان، مال آبرو محفوظ نہیں ہوگی، ہمیں اپنے سزا و جزا کے نظام پر یقین قائم رکھنے کیلئے ضروری ہے کہ ہم 9 مئی کے ملزمان کو قانون کے مطابق سزا دیں اور جلد سے جلد دیں۔ انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے ملزمان آپکے سامنے ہیں، جو آپکا موجودہ فوجداری نظام ہے، انکو پراسیسکیوٹ کریں اور آئین اور قانون کے مطابق سزا دیں اور آگے بڑھیں، اس میں ابہام کیا ہے، اگر کمیشن بننا ہے تو اس پر بنے کہ ہم پوچھیں کیوں ہیں ادھر تک، جن ممالک کی مثالیں دیتے ہیں وہاں تو اس طرح کے معاملات سے بہت سختی سے نمٹا جاتا ہے، جی ایچ کیو سمیت دیگر تنصیبات پر حملہ کرنے کے پیچھے پوری ایک کہانی ہے، اسکو شہہ دی گئی، اسکو چیک نہیں کیا گیا، اسکو وقت پر روکا نہیں گیا، اس پر مزید جھوٹ بولا جا رہا ہے، کمیشن بنا دیا جائے تو میرا خیال ہے کہ اسکا کوئی فائدہ نہیں ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ سوشل میڈیا اور میڈیا میں کچھ مخصوص سیاسی حلقے ایسے ہیں جو تواتر کے ساتھ فوج اور دیگر اداروں پر الزام لگاتے رہتے ہیں، ان الزامات کے جواب میں جب ثبوت مانگا جاتا ہے تو ثبوت دینے کے بجائے مزید الزام تراشی شروع کردیتے ہیں، اگر ادارہ بھی جواب میں الزام تراشی شروع کردے تو ہم ایک سائیکل میں پھنس جائیں گے، ہم حقائق پر یقین رکھتے ہیں اور ہمیں یہ یقین ہے کہ جو سچائی ہوتی ہے وہ جھوٹ پر ہمیشہ غالب آئیگی۔ میجر جنرل ارشد شریف نے کہا کہ اگر آئین کی بات کرتے ہیں تو آرٹیکل 19 بلاشبہ آزادی اظہار رائے کا تحفظ یقینی بناتا ہے لیکن یہی آرٹیکل بڑے واضح طور پر یہ کہتا ہے کہ آزادی اظہار رائے کے پیچھے چھپ کے پاکستان کی سالمیت، سیکیورٹی اور دفاع پر وار نہیں کیا جاسکتا، یہ آرٹیکل کہتا ہے کہ آزادی رائے کے پیچھے چھپ کر دوست ممالک کے ساتھ روابط کو نقصان نہیں پہنچایا جاسکتا، یہ آرٹیکل کہتا ہے کہ آزادی رائے کا مطلب یہ نہیں کہ آپ قوم کی اخلاقیات تباہ کردیں، آپ پبلک آرڈر اور امن و عامہ تباہ کردیں، آپ اعلیٰ عدلیہ کے وقار کی منافی بات کریں، آئین اور قانون پاکستان بڑا واضح ہے کہ وہ ریاست پاکستان اور افواج پاکستان کے خلاف پراپیگنڈے کی اجازت نہیں دیتا۔ انہوں نے بتایا کہ آئین تو مقدم ہے اس سے بڑھ کر ہمارا دین تو کیا دین اس بات کی اجازت دیتا ہے؟ قرآن میں اللہ تعالی نے فرمایا ہے کہ اے مومنو اگر کوئی فاسق تمہارے پاس کوئی خبر لیکر آئے تو خوب تحقیق کرلیا کرو، الحمد اللہ ہم سب مسلمان ہیں اور اللہ کا حکم واضح ہے، ہم نے آئین کی پاسداری کا حلف اٹھایا ہے، ہم اس بات کی اجازت نہیں دے سکتے کہ آزادی اظہار رائے کے پیچھے چھپ کر ملکی سالمیت کو دا پر لگا دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جو مقننہ ہے جس کا حق ہے قانون سازی کا، کہ یہ جو جھوٹ کا بازار گرم ہے، اسکے اوپر قانون سازی کی جائے، ہم امید کرتے ہیں کہ موجودہ قوانین ہیں اور جو نئے بننے ہیں اس پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے، اگر اسکے خلاف ایکشن نہیں لیا گیا تو یہ اس معاشرے کی بنیادوں کو ہلا کر رکھ دیگا، کچھ عرصے سے معاشرے میں استحکام آرہا ہے، عدم اعتماد ختم ہورہا ہے، اسکی وجہ یہ ہے کہ باشعور عوام کو سمجھ آرہا ہے کہ کون کیا اور کیوں کررہا ہے، کیسے پراپیگنڈے کئے ہیں اور اب وہ کھل کر سامنے آرہے ہیں، جھوٹ اور فریب کو شکست ہوگی۔ ایک سوال کے جواب پر انہوں نے کہا کہ جھوٹ کا ایک مسئلہ ہوتا ہے کہ ایک کو چھپانے کیلئے 10 جھوٹ بولنے پڑتے ہیں تو یہ جو بیانیہ بنایا جارہا ہے کہ 8 فروری نے 9 مئی کو ختم کردیا تو 8 فروری کو ٹرن آﺅٹ 47 فیصد تھا، تقریباً ساڑھے 6 کروڑ لوگوں نے ووٹ دیا۔ اس میں سے یہ مخصوص سیاسی پارٹی، اسکے لیڈرز جو یہ بات کرتے ہیں تو اس پارٹی کو 1.8 کروڑ ووٹ پڑے جو کہ کل کا بنتا ہے 31 فیصد تو 70 فیصد جو ووٹ پڑا وہ اس بیانئے کو نہیں پڑا اور اگر اسے آبادی کے تناسب سے دیکھوں تو کل آبادی کا یہ ساڑھے 7 فیصد بنتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم یہ سوچیں کہ جس نے اسکو ووٹ ڈالا اس نے کہا کہ 9 مئی بالکل ٹھیک ہوا تھا اور بالکل فوج پر حملہ ہونا چاہئے تھا اور بالکل شہیدوں کی تضحیک ہونی چاہئے تھی تو ہمیں یقین ہے کہ ایسا نہیں ہے، ہمیں یقین ہے کہ عوام ہمارے ساتھ کھڑی ہے، یہ ایک جھوٹ ہے کہ جس نے اس کا ساتھ دیا وہ فوج کے مخالف ہے، کیا وہ ووٹ فوج کیخلاف تھا؟ ایبسولیوٹلی ناٹ۔ ترجمان نے کہا کہ جھوٹ پر کچھ نہیں چل سکتا، جھوٹے بیانئے بنتے رہیں گے، ہم حق اور سچ کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ پی ٹی آئی کے ساتھ ڈیل ہونے کے سوال پر انہوں نے جواب دیا کہ پاک فوج قومی فوج ہے، اس میں تمام قومیت کے لوگ ہیں، اسکی کسی قسم کی سیاسی سوچ نہیں ہوتی، حکومت وقت سیاسی پارٹی بناتی ہیں تو ہر حکومت کے ساتھ فوج کا غیرسیاسی مگر آئینی تعلق ہوتا ہے، کیونکہ ہم کسی خاص سیاسی سوچ کا پرچار نہیں کرتے اسی طرح ہم خاص سیاسی سوچ کو لیکر آگے نہیں بڑھتے اسلئے ہمارے لئے تمام جماعتیں قابل احترام ہیں تاہم اگر کوئی سیاسی ٹولہ اپنی فوج پر حملہ آور ہو، عوام اور فوج کے درمیان نفرت پیدا کرے، اسی فوج کے شہیدوں کی تضحیک کرے اور اسی قوم کی فوج کے بارے میں دھکیاں دے تو اس سے کوئی بات چیت نہیں ہوگی، ایسے انتشاری ٹولے کیلئے ایک ہی راستہ ہے کہ وہ معافی مانگے قوم سے اور وعدہ کرے کہ وہ نفرت کی سیاست کو چھوڑ کر تعمیری سیاست کرے۔ انہوں نے کہا کہ بات چیت سیاسی پارٹیوں کو زیب دیتی ہے، اس میں فوج یا اداروں کیلئے مناسب نہیں بات کرنا، ایسا انتشاری ٹولہ جو آپ کے سامنے سب کر رہا ہے اور کرواتا آرہا ہے، اس کے ساتھ بات چیت نہیں ہوسکتی، ہم نہیں کرسکتے۔ انتخابات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ 8 فروری کے انتخابات میں آرمی کا کردار اتنا تھا جتنا الیکشن کمیشن نے مینڈیٹ کے ذریعے دیا تھا اور وہ تھا سیکیور ماحول پیدا کرنا اور یہ فوج نے دینی تھی، آرمی نے یہ سیکیور ماحول فراہم کیا، یہ ہمارا مینڈیٹ تھا اس سے زیادہ ہمارا سیاسی عمل میں دخل نہیں تھا، افسوس کی بات ہے کہ سوشل میڈیا پر تواتر سے زہریلا پراپیگنڈا بنایا جاتا ہے، جھوٹ بولا جاتا ہے اسی تواتر میں الیکشن میں فوج کی سیاسی مداخلت کی بغیر ثبوت کے جھوٹے بیانیے کو آگے بڑھایا گیا، مذموم سیاسی مقاصد کیلئے کچھ میڈیا اور سوشل میڈیا نے اسکو چلایا، ہم ان سے ایک ہی سوال کرتے ہین کہ اگر کوئی ثبوت ہے تو جو متعلقہ آئینی ادارے ہیں وہ ان کے سامنے رکھا جائے۔ مولانا فضل الرحمن کے اسٹیبلشمنٹ پر انتخابات میں مداخلت کے سوال پر انہوں نے کہا کہ فوج انتخابات میں کردار سکیورٹی فراہم کرنے سے زیادہ نہیں تھا، جو لوگ بغیر ثبوت کے تواتر کیساتھ سیاسی مداخلت کے الزامات لگا رہے ہیں، وہ ثبوت لیکر متعلقہ آئینی اداروں کے سامنے آئیں، ہم الزامات کا جواب الزام تراشی سے نہیں دیتے۔ انہوں نے کہا کہ طاقت کے زور پر سیاسی مذموم مقاصد استعمال کئے جائیں گے تو اس معاملے پر ریاست بالکل کلیئر ہے کہ کسی کو پاکستان کی ترقی کی راہ میں آنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، کسی کو امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ بہاولنگر میں گزشتہ ماہ فوجی اور پولیس اہلکاروں کے درمیان پیش آنے والے واقعہ کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر انہوں نے کہا کہ وہاں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، اس معاملے کو فوری طور پر خوش اسلوبی سے حل کیا گیا، اس واقعہ پر بہت زیادہ جھوٹا پروپیگنڈا کیا گیا، یہ فوج کے خلاف جاری پروپیگنڈا مہم کا حصہ ہے، اس سلسلے میں انکوائری جاری ہے، اسکے حقائق سے پنجاب حکومت ہی آگاہ کرسکتی ہے، ملک دشمن عناصر افواج پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان رخنہ اور دراڑ ڈالنے کی کوشش کرتے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ اس طرح کی بات چیت اسکی قیمت سب دے رہے ہیں کیونکہ جو اصل مسائل ہیں پاکستان کے انکے بجائے سارے تبصرے ان بے بنیاد الزامات پر مرکوز ہوجاتے ہیں۔ فوج کے فلاح و بہبود کے اداروں کے ٹیکس دینے کے حوالے سے سوال پر میجر جنرل ارشد شریف نے کہا کہ جو ہمارے افسران، ہمارا جوان، ہمارے شہدا ہیں، جو ہمارے غازی ہیں وہ اس قوم کا اثاثہ ہیں، انکی فلاح و بہبود کیلئے پاک فوج میں مربوط نطام موجود ہے اور یہ ادارے اس سسٹم کا حصہ ہیں جو انکی فلاح کیلئے کام کر رہے ہیں، یہ جتی جدید افواج ہوتی ہے ان میں جو ان کے شہدا ہوتے ہیں، ان کے ریٹائرڈ ہوتے ہیں ان کیلئے ایسے ادارہ ہوتے ہیں فرق صرف اتنا ہے کہ باہر ممالک میں ایسے اداروں کی ستائش ہوتی ہے اور یہاں پر جس ماحول میں ہمارا میڈیا اور سوشل میڈیا جاچکا ہے، اسکے اندر اس میں پراپیگنڈا اور جھوٹ گھڑا جاتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ 2022-23 میں براہ راست پاکستان آرمی نے 100 ارب روپے ٹیکس اور ڈیوٹی کی مد میں جمع کروایا، ان فلاحی اداروں کے 260 ارب روپے ٹیکسز کی مد میں جمع کروائے یہ کل ملا کے 360 ارب روپے ہوگئے، یہ جو 260 ان اداروں نے جمع کروایا، اس میں 223 فوجی فانڈیشن نے جمع کروایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈی ایچ اے جن پر بڑا سوال ہوتا ہے انہوں نے بھی 23 ارب روپے جمع کروائے، این ایل سی نے ساڑھے 3 ارب روپے جمع کروائے، آرمی ویلفیئر ٹرسٹ نے تقریباً 3 ارب جمع کروائے، یہ حقیقت ہے، یہ جو فلاحی ادارے ہیں ان میں سرکاری خزانے سے ایک روپیہ بھی خرچ نہیں ہوا لیکن یہ سرکار کو کئی سو ارب روپے جمع کروا رہے ہیں، جو یہ سروس فراہم کررہے ہیں اسکی قیمت آپ نہیں لگا سکتے، چاہے وہ سکیورٹی کی شکل میں ہو یا چاہے وہ یونیورسٹی، ہسپتال ہوں، یا چاہے میڈیکل کیمپ ہوں انسانوں کیلئے، یہ لوگ تو جانوروں کیلئے بھی کیمپ لگانے ہیں، کیا آپ اسکی قیمت لگا سکتے ہیں؟ انہوں نے کہا کہ کیا جو شہدا ہیں جو جنگ میں زخمی ہوگئے ہیں انکی فلاح و بہبود پر جو پیسہ لگتا ہے، اگر وہ ادارے نہ کریں تو کیا یہ ریاست پاکستان اور آپکی اور میری ذمہ داری نہیں ہے؟ جو این ایل سی انٹر کنیکٹویٹی دے رہی ہے، جو ارب ڈالرز کی ٹریڈ حاصل ہورہی ہے اسکی قیمت آپ لگا سکتے ہیں؟ انہوں نے کہا کہ ایف ڈبلیو او جب دوردراز علاقوں میں جاکر روڈ اور ٹنلز بناتے ہیں اسکی قیمت لگاسکتے ہیں؟ جو زراعت میں معدنیات میں پاک فوج کام کررہی ہے اسکی قیمت لگا سکتے ہیں؟ تو اس پراپیگنڈا کو سمجھنے کی ضرورت ہے، ان اداروں میں سویلین بھائی بڑی تعداد میں کام کررہے ہیں، فوجی فاﺅنڈیشن میں بڑی تعداد شہریوں کی ہے، حاضر سروس تو ان اداروں میں آٹے کے نمک کے برابر ہیں، جو لوگ تنقید کرتے ہیں تو وہ انہی ڈی ایچ اے میں رہنا پسند کریں گے، انہی کے کالجز میں بچوں کو پڑھانا پسند کریں، ہمیں سچ کو سچ اور جھوٹ کو جھوٹ کہنے کی عادت بنانی پڑیگی۔ ایس آئی ایف سی سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ اس میں اور معیشت کے دوسرے شعبوں میں فوج کا کردار حکومت کی منشا کے مطابق سہولت کاری کا ہے، وہ اسلئے کہ حکومت چاہتی ہے کہ جو فوج کی انتظامی ٹیکنیکل صلاحیت ہے، اسے اگر وہ پاکستان کی معیشت کو بہتر بنانے کیلئے استعمال کرسکیں تو اس منشا کے مطابق ہمارا کردار اس میں سہولت کاری اور رابطہ کاری کا ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ہمارا مقصد متعلقہ اداروں کی مدد کرنا ہے نہ کہ انکی جگہ لینا، بالکل ہمارا نہ یہ کردار ہے، نہ مقصد ہے، یہ کوئی صرف پاکستان میں نہیں ہے، دنیا بھر میں افواج کی صلاحیت کو معیشت کی بہتری کیلئے استعمال کیا جا تا ہے، کیا یہ ملک میں پہلی بار ہوا، نہیں، ملک میں ایسا پہلے بھی ہوتا رہا ہے، فرق صرف یہ ہے کہ ہم اس طرح کے زہریلے میڈیا ماحول میں رہ رہے ہیں جہاں جھوٹ اور پروپیگنڈا اتنا بڑھ گیا ہے کہ اسکے بارے میں طرح طرح کی باتیں کی جاتی ہیں کہ فوج قبضہ کرنا چاہتی ہے، حکومت میں اپنا کردار بڑھانا چاہتی ہے، ایسا بالکل نہیں ہے۔ میجر جنرل احمد شریف چوہدری نے سوال کیا کہ اگر فوج ملک کی معیشت میں کوئی کردار ادا کرسکتی ہے اور حکومت ایسا چاہتی ہے تو وہ کیوں کردار ادا نہ کرے، عام فہم زبان میں کہوں کہ اگر آپ کے گھر میں آگ لگی ہو اور میں بجھانے آﺅں تو آپ مجھ سے یہ تو نہیں کہیں گے کہ آگ بجھانے کیوں آیا ہوں، ہاں ایسا وہ ضرور کہے گا جس نے آگ لگائی ہو، وہ کہے گا کہ آگ بجھانے کیوں آئے، میں نے آگ لگائی تھی، اس وقت سوال ہم، تم کا نہیں، اس وقت سوال پاکستان کا ہے، ہم فوجی ہونے سے پہلے پاکستانی ہیں اور یہ ہی ہمارا اس میں کردار ہے۔ کور کمانڈر منگلا کی برطرفی سے متعلق چلنے والی خبروں کے حوالے سے سوال کے جواب میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاک فوج میں خود احتسابی کا ایک سخت، کڑا اور شفاف خودکار عمل ہے جو ہر وقت جاری رہتا ہے، آپ ابھی ایک خاص سوال کررہے ہیں، کیونکہ وہ ایک سینئر افسر تھے، اس فوج میں ہر وقت یہ خودکار خوداحتسابی کا نظام ہر وقت چلتا رہتا ہے، اس وقت بھی چل رہا ہے، کوئی قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی، کسی قسم کی کوئی کرپشن ہو، بیڈ ملٹری ڈسپلن آرڈر ہو تو احتساب کا نظام ایکشن میں آتا ہے اور اس میں کسی قسم کی کوئی تفریق نہیں کی جاتی بلکہ اگر سینئر رینک ہو تو یہ احتساب کا نظام ہو تو مزید سخت کارروائی کرتا ہے، کیونکہ یہ توقع کی جاتی ہے کہ جو لوگ سینئر ہیں، انکو زیادہ سمجھ، زیادہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہئے، جونیئر افسران کو آپ کچھ رعایت دے سکتے ہیں لیکن سینئر افسران کو نہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے آپ سے کہا کہ ہم سمجھنے سے قاصر ہیں کہ 9 مئی میں کرنیوالے اور کرانیوالے تھے، کیوں انکا احتساب نہیں ہورہا، فوج نے تو اپنا احتساب کا عمل بڑی تیزی سے مکمل کرلیا، ہمیں اپنے احتساب کے نظام پر فخر ہے، یہ سسٹم الزامات پر نہیں، حقائق پر کام کرتا ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے 6 ججوں کے خطوط سے متعلق سوال کے جواب پر ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ یہ معاملہ اعلیٰ عدلیہ میں زیرسماعت ہے، اس پر میں بات نہیں کرسکتا، تاہم اس سے ہٹ کر میں کہہ چکا ہوں، دوبارہ کہوں گا کہ بغیر ثبوت کے الزامات لگانا مناسب نہیں ہے اور ہم ہمیشہ یہ درخواست کرتے ہیں کہ افواج پاکستان کو سیاسی معاملات میں الجھانے سے کسی کو فائدہ حاصل نہیں ہوگا۔ بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں امریکہ کو فوجی اڈے دئیے جانے سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کسی کو کوئی اڈے دئیے گئے ہیں، نہ دئیے جا رہے ہیں۔ سابق ڈی جی آئی ایس آئی فیض حمید کے خلاف ہاﺅسنگ سوسائٹی کے حوالے سے شروع کی گئی انکوائری کے حوالے سے سوال پر میجر جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ سپریم کورٹ کے احکامات میں وزارت دفاع کی ہدایت کے مطابق سینئر لیول پر ایک 2 سٹار جنرل اسکی انکوائری کررہے ہیں، اسکا مقصد یہ ہے کہ الزامات ایک طرف ہوتے ہیں، کیس کے حقائق تک پہنچنا ہے، اسکے محرکات تک پہنچنا ہے، حقائق سامنے لایا جائیگا اور اسکی روشنی میں ہی سفارشات مرتب ہوں گی۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے افغان ٹرانزٹ ٹریڈ سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ پاکستان نے کبھی بھی اس ٹریڈ کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال نہیں کیا، طورخم، چمن یا اور کسی کراسنگ پوائنٹ پر کبھی کوئی بندش ہوتی ہے تو اسکی کوئی سکیورٹی سے متعلق وجہ ہوتی ہے یا مقامی کشیدگی ہوتی ہے، پاکستان ٹریڈ کو کبھی سیاسی مقاصد کیلئے استعمال نہیں کرتا۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان تجارت کے حق میں ہے لیکن غیر قانونی تجارت کے حق میں نہیں ہے، اگر اس تجارت کی آر میں سمگلنگ ہو، منشیات اور اسلحہ منگوایا جا رہا ہو، غیرقانونی تارکین وطن وہاں سے آرہے ہوں، دہشت گرد اسکے اندر آرہے ہوں، اسکی قطعاً کوئی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ بات سمجھنے کی ضرورت ہے کہ یہ جو غیرقانونی سرگرمیاں ہیں، انکے سائے تلے ہی جرائم اور دہشت گردی پلت ہے، اسلئے غیر قانونی سمگلنگ، غیر قانونی سرگرمیوں کےلئے اسکے استعمال کی اجازت نہیں دیگا۔ پاکستان، سعودی عرب تعلقات اور ایک سیاسی جماعت کی جانب سے سعودی عرب پر حکومت تبدیلی کے الزامات کے حوالے پوچھے گئے ایک سوال پر ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کے بہت اچھے اور برادرانہ تعلقات ہیں۔ سعودی عرب اس وقت ملک میں جو سرکایہ کاری کر رہا ہے، اس میں سرمایہ کاری کرنے میں جو دلچسپی لے رہا ہے، اس حوالے سے آپ نے وزیراعظم پاکستان، دفتر خارجہ کو متعدد بار شکریہ کرتے ہوئے سنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آپ نے جو سوال کیا، یہ بہت افسوس کی بات ہے، پاکستان کا آئین بھی اس بات کی قطعی اجازت نہیں دیتا کہ آپ آزادی اظہار رائے کے پیچھے چھپ کر دوست ممالک کے ساتھ تعلقات کو خراب کریں، یہ بالکل غلط ہے، اسکے پس منظر کو سمجھیں تو یہ وہ مذموم سیاسی سوچ ہے جس کا میں ذکر کررہا ہوں کہ ہم نہیں تو کچھ بھی نہیں، یہ وہی سوچ ہے جو نہیں چاہتی کہ پاکستان معاشی طور پر اپنے پاﺅں پر کھڑا ہو۔ انہوںنے کہاکہ کیا ان لوگوں نے آئی ایم ایف کو لکھا نہیں کہ پاکستان کی امداد کو مشروط کیا جائے، وہ نہ دی جائے تاکہ پاکستان دیوالیہ ہوجائے، کیا انہوں نے آئی ایم ایف بلڈنگ کے سامنے مظاہرے نہیں کئے، کیا امریکہ میں لابنگ فرم رکھ کر امریکہ کی سیاست پر اثرانداز ہونے کی کوشش نہیں کی کہ پاکستان پر پابندیاں لگائی جائیں۔ میجر جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ جب وہ سعودی عرب جیسے ملک جس کے ساتھ ایک مذہبی اور جذباتی لگا ہے، اس طرح کی بات چیت کریں تو اس سے پتا چلتا ہے کہ ان کیلئے کوئی حد نہیں رہی، اسلئے وہ چاہتے ہیں کہ یہ ملک معاشی طور پر ہر لحاظ سے نیچے جائے، اس کیلئے کچھ کہنے کو، کچھ بھی کرنے کو تیار ہیں، جو انتہائی افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغان سرحد کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی افغانستان کے ساتھ سرحد 26011 کلومیٹر پر محیط ہے، اس پر حکومت اور فوج نے اپنے وسائل سے باڑ لگائی، اس سے فائدہ بھی ہوا لیکن بارڈر مینجمنٹ کبھی بھی فول پروف نہیں ہوسکتی، امریکہ اور میکسیکو کو دیکھ لیں، تمام وسائل کے باوجود امریکہ دعویٰ نہیں کرتا کہ وہاں کوئی غیرقانونی آمدورفت نہیں ہے، یہ یکطرفہ نہیں، دوطرفہ ہوتی ہے، پاکستان اس سلسلے میں بھرپور کوشش کررہا ہے، دوسری طرف اس طرح سے نظر نہیں آرہا، بلکہ اس طرح کے شواہد ملتے ہیں کہ وہاں سے سمگلنگ اور دہشت گردی کی سہولت کاری کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہائیوں سے ہمارا آمدورفت کا طریقہ غیرروایتی تھا، اب ہم نے اسکو دنیا میں مروجہ طریقہ کار کے مطابق کرنے کا فیصلہ کیا ہے، یہ نہیں کہ کوئی علاج یا کسی اور وجہ سے یہاں آئے اور پتہ ہی نہ چلے کہ وہ کہاں گیا، اسکے علاوہ کئی دیگر عوامل بھی بارڈر مینجمنٹ میں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو ختم کرنے اور اپنے شہریوں کو ہر قیمت پر تحفظ فراہم کرنے میں کوئی کسر نہیں اٹھا رکھے گا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ افواج پاکستان کی اوّلین ترجیح ملک میں امن و امان قائم کرنا ہے، اور اس کیلئے ہم دہشت گردوں، انکے سرپرستوں اور سہولت کاروں کی سرکوبی کیلئے ہر ممکن حد تک جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور عوام دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان میں غیرقانونی طور پر مقیم غیرملکی افراد کو واپس بھیجنے کا فیصلہ وسیع تر ملکی مفاد میں کیا گیا، اب تک 5 لاکھ 63 ہزار 639 غیرقانونی طور پر مقیم افغان باشندے اپنے ملک واپس جاچکے ہیں تاہم لاکھوں افغان شہری اب بھی پاکستان میں رہ رہے ہیں۔ میجرجنرل احمد شریف نے کہا کہ غیرقانونی افغان باشندوں کی وطن واپسی کا فیصلہ پاکستان کے وسیع تر مفاد میں حکومت پاکستان کی طرف سے کیا گیا، کیونکہ جہاں ایک طرف معشیت پر مسلسل بوجھ پڑ رہا تھا، وہاں ملک میں امن و امان کی صورتحال بھی خراب ہورہی تھی۔ انہوں نے کہا کہ علاوہ ازیں دنیا کے کسی بھی ملک میں غیرقانونی تارکین وطن کو دوسرے ملک میں نقل و حرکت کی کھلی اجازت نہیں دی جاتی۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ گزشتہ چند ماہ سے بلوچستان اور خیبر پختونخواہ میں دہشت گرد اور انکے سہولت کار امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں قیام امن کیلئے پاکستان کا کردار کسی سے ڈھکا چھپا نہیں، خطے میں قیام امن کیلئے پاکستان کا کردار کسی سے ڈھکا چھپا نہیں۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے ادار دہشت گردوں کے مذموم ارادوں کی راہ میں آہنی دیوار بنے ہوئے ہیں اور قربانیوں کی ایک داستان رقم کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنوری 2024 میں مچھ ایف سی کیمپ پر بی ایل اے کے دہشت گردوں نے حملہ کیا جسے سیکیورٹی فورسز نے کمال بہادری سے ناکام بنایا ، اس حملے میں 2 پولیس اہلکاروں سمیت قوم کے 4 بہادر سپوتوں نے جام شہادت نوش کیا جبکہ 24 دہشت گرد جہنم واصل ہوئے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ 16 مارچ 2024 کو شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں نے چیک پوسٹ پر حملہ کیا، اسکے نتیجے میں لیفٹیننٹ کرنل کاشف اور کپٹین احمد سمیت 7 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا جبکہ 6 دہشت گرد جہنم واصل ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے جواب میں افغانستان کے اندر سرحدی علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں کو نشانہ بنایا جس میں 8 دہشت گردوں کو ٹھکانے لگایا گیا جو پاکستان میں دہشت گردی کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دہشت گردی کی ناکام کارروائیاں اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہیں کہ سکیورٹی فورسز دشمن کے عزائم کو ناکام بنا رہی ہیں، اسکی ایک اور مثال 20 مارچ 2024 کو گوادر پورٹ اتھارٹی کالونی پر 8 دہشت گردوں کا حملہ ہے جسے پاک فوج کے جوانوں نے جواں مردی سے ناکام بنایا اور آٹھوں دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا۔ انہوںنے کہاکہ ایک اندوہناک واقعہ 26 مارچ 2024 کو خیبرپختونخوا کے علاقے بشام میں پیش آیا جہاں داسو ڈیم پر کام کرنے والی چینی انجینئرز کی گاڑی کو خود کش بم حملہ آور نے نشانہ بنایا، اسکے نتیجے میں 5 چینی باشندے اور ایک پاکستانی لقمہ اجل بن گئے، اس خود کش حملے کی کڑیاں بھی سرحد پار سے جاملتی ہیں ، اس حملے کی منصوبہ بندی افغانستان میں کی گئی، دہشت گرد، سہولت کاروں کا کنٹرول بھی افغانستان سے کیا جا رہا تھا۔ ترجمان نے کہا کہ خود کش بمبار بھی افغان شہری تھا، افواج پاکستان دہشت گردی کے اس گھناﺅنے فعل کی شدید مذمت کرتی ہے، اور انکے ذمہ داروں کے انصاف کے کٹھرے میں لانے کیلئے ہر ضروری اقدامات کئے جا رہے ہیں، اسی طرح 25 مارچ 2024 کو تربت میں ہونیوالے دہشت گردانہ حملے کے دوران بھی پاک فوج کے جوان نے جام شہادت نوش کیا، جبکہ 4 دہشت گرد جہنم واصل کئے گئے۔ انہوں نے کہاکہ 16 اور 17 اپریل 2024 کو افغانستان سے متصل شمالی وزیرستان کے سرحدی علاقے غلام خان میں دہشت گردی کے غرض سے دراندازی کرنے پر 7 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا جن میں سے ایک کی شناخت ملک الدین مصباح کے نام سے ہوئی جو افغانستان کے صوبے پتیکا کا رہائشی تھا۔ اسی طرح 23 اپریل کو بلوچستان کے علاقے ضلع پشین میں بھی سیکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 3 دہشت گردوں کو جہنم واصل جبکہ ایک کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔انہوں نے کہا کہ 26 مارچ کو خیبرپختونخوا کے شانگلہ کی تحصیل بشام میں 5 چینی انجینئرز کو ہلاک کرنے کی سازش افغانستان میں رچی گئی۔ ترجمان نے بتایا کہ اس گرفتار دہشتگرد کا نام حبیب اللہ ولد خان محمد تھا جو کہ افغانستان کے عالاقے سپن بلدک کا رہائشی تھا، افغان دہشت گرد نے اپنے بیان میں پاکستان میں دہشت گردانہ کارروائیوں کا اعتراف بھی کیا جیسا کہ آپ ویڈیو میں دیکھ بھی سکتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان میں دہشت گردی کی اس تازہ لہر کی بڑی وجہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان کو پڑوسی ملک افغانستان سے ملنے والی اس طرح کی سہولیات اور اسکے علاوہ جدید اسلحہ کی فراہمی بھی ہے، آرمی چیف کئی بار واضح طور پر یہ کہہ چکے ہیں کہ پاکستان میں دہشت گردوں کیلئے کوئی جگہ نہیں ہے، پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں افغان شہریوں کا ملوث ہونا علاقائی امن و استحکام کو متاثر کرنا اور عبوری افغان حکومت کی دوحہ امن معاہدے سے انحراف ہے۔ترجمان نے بتایا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو ختم کرنے اور اپنے شہریوں کی تحفظ کیلئے کوئی کسر نہیں اٹھا رکھے گی۔ اس ضمن میں رواں سال دہشت گردوں کی محفوظ پناگاہوں کو نشانہ بناتے ہوئے پاکستان نے ایران کے سرحدی علاقے سیستان اور بلوچستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن مرگ بر سرمچار کرتے ہوئے متعدد دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا۔ ہمیں امید ہے کہ مثبت سمت میں کوششیں خطے میں قیام امن کیلئے بار آور ثابت ہوں گی اور ماضی میں ان کوششوں کی راہ میں جو رکاوٹیں کھڑی کی گئی ہیں اب ان سے اجتناب کیا جائیگا۔ انہوںنے کہاکہ اب ہم کاﺅنٹر ٹیررازم کی مد میں سال 2024 میں ہونے والے آپریشن کا جائزہ لیتے ہیں، سال 2024 میں مجموعی طور پر دہشت گردوں کے سہولت کاروں کے خلاف 13 ہزار 135 چھوٹے بڑے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کئے، اس دوران 245 دہشت گردوں کو واصل جہنم، 396 کو گرفتار کیا گیا، دہشت گردی کے ناسور سے نمٹنے کیلئے روزانہ کی بنیاد پر 100 سے زائد آپریشنز افواج پاکستان، پولیس، انٹیلی جنس ایجنسی اور دیگر قانون نافذ کرنیوالے ادارے انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپریشنز کے دوران 19 ہائی ویلیو ٹارگٹ یعنی انتہائی مطلوب دہشت گردوں کی ہلاکتیں اور گرفتاریاں بھی عمل میں لائیں گئیں، رواں سال ان آپریشنز کے دوران 2 افسر اور 60 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا، پوری قوم ان بہادر سپوتوں اور ان کی لواحقین کو خراج تحسین پیش کرتی ہے جنہوں نے اپنی قیمتی جانیں ملک کی امن و سلامتی اور آپکے مستقبل پر قربان کردیں۔ ترجمان نے کہا کہ حال ہی میں کور کمانڈر کونفرنس کے اعلامیہ میں آرمی چیف نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دہشت گردی کے خلاف پوری قوم کی حمایت حاصل ہے، مسلح افواج پاکستان سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے، دہشت گردی کے خلاف ہماری یہ جنگ آخری دہشت گردی کے خاتمے تک جاری رہے گی۔ انہوں نے بتایا کہ آج عوام اور افواج پاکستان کی لازوال قربانیوں کی بدولت ملک تیزی کے ساتھ امن کے راستے پر گامزن ہے، پاکستان کے وہ علاقے جہاں شہریوں کا جانا دشوار تھا آج وہاں امن بحال ہوچکا ہے، یہ سب کچھ عوام، افواج کی لازوال قربانیوں کے مرہون منت ہی ہو سکا ہے، خود کش دھماکے اور اس کے نتیجے میں ہونے والی شہادتیں دہشت گردوں کے ناپاک ارادوں کی عکاسی ہے اور واضح ہے کہ ان دہشت گردوں کا ریاست پاکستان، خوشحال پاکستان اور دین اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔ ترجمان کے مطابق اس کے ساتھ ویسٹرن بارڈر مینجمنٹ ریجیم کے تحت جو کام جاری ہیں وہ پایہ تکمیل کو پہنچنے والی ہیں، بارڈر مینجمنٹ کے تحت پاک افغان سرحد پر 98 فیصد سے زائد کام مکمل کرلیا گیا ہے، جبکہ پاک، ایران بارڈر پر 91 فیصد سے زیادہ کام مکمل ہوچکا ہے، پاک، افغان بارڈر پر دہشت گردوں کی روک تھام کیلئے 753 قلعے مکمل کئے جاچکے ہیں، جبکہ پاک، ایران بارڈر پر 89 قلعے مکمل کئے جاچکے ہیں اور باقیوں پر کام تیزی سے جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشرقی سرحد پر اگر ہم لائن آف کنٹرول کی صورتحال پر بات کریں تو آپ سب کے علم میں ہے کہ ہمیں بھارت کی جانب سے لگاتار خطرات ہیں، بھارت ہمیشہ کی طرح اندورنی انتشار سے توجہ ہٹانے کیلئے جو منصوبہ بندی کررہا ہے ، پاکستان کی سول اور عسکری قیادت اس سے بخوبی آگاہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال بھی متعدد مرتبہ سیز فائر کی خلاف ورزی کی گئی، آزاد کشمیر میں نہتے شہریوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا ہے اور دیتے رہیں گے، اپنی سالمیت اور خودمختاری کے دفاع کیلئے ہر وقت تیار ہیں۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ غزہ کیلئے پاکستان عالمی سطح پر ایک موثر آواز بن کر ابھرا، فلسطینی سفیر سے ملاقات میں آرمی چیف نے فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا اور اس معاملے پر بات جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ آرمی چیف نے اس عزم کا اظہار کیا کہ فلسطینی عوام کو پاکستانی عوام کی مکمل سفارتی، اخلاقی اور سیاسی حمایت حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم مسئلہ فلسطین کے قابل عمل حل کیلئے بات کرتے رہیں گے۔