عدالتی فیصلے پر تحفظات ہیں: وفاقی وزیر قانون، حکومت دوتہائی اکثریت سے محروم ہو گئی:پی ٹی آئی

اسلام آباد (بیورورپورٹ) حکومت نے سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں کے حوالے سے سپریم کورٹ کے عبوری حکم پرتحفظات کا اظہار کردیا،سپریم کورٹ کی جانب سے سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستیں دوسری جماعتوں کے دینے کے عبوری حکم اور پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دینے پر وزیر قانون اعظم نذیر تارڑنے کہا یہ آئین کی تشریح کا معاملہ ہے، مناسب ہوتا لارجر بنچ کوئی حکم نامہ جاری کرتا،پارلیمان کی قانون سازی کے اختیار کے معاملے میں امتناع کے حکم سے احتراز برتا جانا چاہیے تھا، حتمی فیصلے میں پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ برقرار رہے گا،وزیر قانون نے کہا سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجرز ایکٹ کے تحت 5 رکنی لارجر بنچ کا معاملے کی سماعت کرنا موزوں ہوتا اور بہت مناسب ہوتا کہ اگر لارجر بینچ ہی عبوری حکم نامہ جاری کرتا، منتخب رکن کے قانون سازی کے اختیار پر زد پڑتی ہو تو زیادہ احتیاط برتی جاتی ہے، آرٹیکل 67 واضح ہے رکن کی طرف سے کی گئی قانون سازی قانونی نااہلیت کے باوجود برقرار رہتی ہے،اعظم نذیر تارڑ نے ایک اور حوالہ دیتے ہوئے کہا آرٹیکل 67 کے مطابق رکن کی قانون سازی کی اہلیت پر سوال نہیں اٹھایا جاتا، امید ہے حتمی فیصلے میں پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ برقرار رہے گا،پی ٹی آئی کے رہنما بیرسٹر گوہر نے سلمان اکرم راجہ کےساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے حکومت اب دو تہائی اکثریت سے محروم ہوگئی ہے ہماری 78 نشستیں دوسری جماعتوں کو دی گئیں، ان سیٹوں کی بنیاد پر حکومت دو تہائی اکثریت کی دعویٰ کر رہی تھی، اس سارے عمل میں ہم کہتے رہے کہ ہمارے ساتھ غیر آئینی سلوک ہوا،ہم کہتے رہے کسی بھی سیاسی جماعت کو اس کی جیتی نشستوںسے زائد نشستیں نہیں مل سکتیں، ہمارا موقف یہی تھا سپریم کورٹ کو فیصلہ کرنے دیں، ہمیں عدلیہ پر اعتماد ہے اور عدلیہ کا احترام ہے،بیرسٹر گوہر نے کہا ہمارے کسی کےساتھ مذاکرات نہیں ہو رہے، اس فیصلے کا مذاکرات سے کوئی تعلق نہیں، الیکشن کمیشن کا آرڈر غیرآئینی تھا، کسی بھی جج کو ایکسٹینشن نہیں ملنی چاہیے،سلمان اکرم راجہ نے کہا آئین کو بگاڑ نے والوں کو آج شکست ہوئی ادھر مخصوص نشستوں بارے سپریم کورٹ کے فیصلہ پر قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کا موقف سامنے آگیا،ترجمان قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے کہا سپر یم کورٹ نے مخصوص نشستوں کیس میں ہمیں کوئی حکم نامہ جاری نہیں کیا، مخصوص نشستوں پر بعد میں 23 اراکین نے حلف لیا تھا اس حوالے سے نوٹیفیکیشن الیکشن کمیشن کی طرف سے موصول ہوا تھا،قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے ترجمان نے کہا اب بھی ان اراکین کو معطل کرنے کا نوٹیفکیشن الیکشن کمیشن سے آنا ہے جیسے ہی الیکشن کمیشن کوئی حکم یا نوٹیفیکیشن بھجواتا ہے تو اس پر عمل ہوگا جبکہ چیف الیکشن کمیشن سکندر سلطان راجہ کی زیرصدارت الیکشن کمیشن آف پاکستان کا اہم اجلاس ہوا،الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق اجلاس میں بجٹ سے متعلق مشاورت کی گئی، اجلاس میں سپریم کورٹ کے فیصلے پر بھی مشاورت کی گئی،ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کا لاءونگ سپریم کورٹ کے فیصلے کا جائزہ لے گا، لاءونگ عدالت عظمیٰ کے فیصلے سے متعلق الیکشن کمیشن کو رپورٹ دے گا۔