فرانسیسی صدر کا نیتن یاہو پرحماس کےساتھ مذاکرات جاری رکھنے پر زور

پیرس (مشرق نیوز) غزہ کی پٹی میں جنگ بندی پر رضامندی پر اختلافات کے تناظر میں فرانسیسی صدر عمانویل میکروں نے اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو سے کہا کہ وہ غزہ کی پٹی میں جنگ بندی تک پہنچنے اور یرغمالیوں کی رہائی کیلئے حماس کے ساتھ مذاکرات کو مکمل کریں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق فرانسیسی ایوان صدر نے اشارہ کیا کہ میکروں نے ایک فون کال میں نیتن یاہو پر زور دیا کہ مذاکرات مکمل کریں جو جنگ بندی اور علاقائی کشیدگی میں کمی کے ذریعے یرغمالیوں کی رہائی اور شہریوں کے تحفظ کا باعث بن سکیں۔ فرانسیسی وزیرخارجہ سٹیفنے سوگورنٹ نے جنگ بندی مذاکرات کا جائزہ لینے کیلئے مصر کا دورہ کیا تھا۔فرانسیسی وزیرخارجہ نے اپنے مصری ہم منصب سامح شکری کے ساتھ ملاقات کے بعد کہا کہ ہم جنگ بندی تک پہنچنے کیلئے اپنی کوششوں کو مربوط کرنے کیلئے آئے ہیں تاکہ فرانس اور خطے میں اس کے عرب شراکت داروں کی طرف سے بھیجے گئے پیغامات اسرائیل کو پہنچائے جائیں تاکہ وہ رفح پرحملے سے بازر ہے۔تاہم فرانسیسی وزیرخارجہ سے جب پوچھا گیا کہ آیا آپ جنگ بندی مذاکرات کی کامیابی کیلئے کس حد تک پرامید ہیں تو انہوں اس پر کوئی تبصرہ کرنے سے گریز کیا۔انہوں نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ تین فرانسیسی اسرائیلی یرغمالیوں کو ان لوگوں کی فہرست میں شامل کیا جائیگا جنہیں جنگ بندی کی صورت میں رہا کیا جائیگا۔