جعلی حکومت قبول نہیں،جماعت اسلامی، تحریک میں شامل ہوں،متحدہ اپوزیشن

لاہور:(اپنے نمائندے سے)متحدہ اپوزیشن نے جماعت اسلامی کو تحریک میں شمولیت کی دعوت دیدی، تحریک تحفظ آئین پاکستان کے وفد نے محمود خان اچکزئی کی سربراہی میں امیر جماعت سے ملاقات کی اور تحریک کے زیراہتمام 8مئی کو ہونےوالے سیمینار میں شرکت کی دعوت دی جسے امیر جماعت نے قبول کرلیا۔

سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیرالعظیم، نائب امیر ڈاکٹر اسامہ رضی اور سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف، امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی جاوید قصوری، امیر لاہور ضیا الدین انصاری ایڈووکیٹ بھی ملاقات میں موجود تھے، دوطرفہ بات چیت میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال زیربحث آئی۔

ملاقات کے بعد محمود خان اچکزئی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ملک میں آئین کی بالادستی کےلئے تحریک چلا رہے ہیں، مقصد صرف چہروں کی تبدیلی نہیں،جس قسم کے انتخابات ہوئے ملک کی بدنامی ہوئی، آئین کی بالادستی کےلئے آئے ہیں،خلاف ورزی قبول نہیں،اسد قیصر نے کہا تحریک ملک میں آئین اور قانون کےلئے ہے اقتدار کےلئے نہیں جس صورتحال کا سامنا کررہے ہیں اس میں امیر جماعت اسلامی اپنا اہم کردار ادا کریں گے، امید ہے آئین و قانون کی بحالی کےلئے جماعت اسلامی ساتھ دے گی، ملک میں جنگل کا قانون ہے آزاد ملک اس طرح نہیں چلایا جا سکتا، انسانی حقوق پامال اور ناجائز مقدمات بن رہے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا سیاسی جماعتیں، ادارے آئین کی تابعداری کےلئے تیار ہیں تو گریٹر ڈائیلاگ کا آغاز ہوسکتا ہے، ڈائیلاگ کی بنیاد فارم 45ہے، فارم 47کی جعلی حکومت قبول نہیں کرسکتے، الیکشن دھاندلی پر جوڈیشل کمیشن بنے جس کے پاس مینڈیٹ ہے اسے حکومت بنانے دی جائے،4 دن کا الٹی میٹم ختم ہورہا ہے، حکومت کو کسانوں سے گندم خریدنا پڑے گی، جس وقت ملک میں ڈالر کے لالے پڑے تھے اس دوران ایک ارب ڈالر سے گندم درآمد کی جعلسازی ہوئی،معیشت تباہ ، مہنگائی ،بے روزگاری کا طوفان ہے، کسان بلک رہے ہیں، انوارالحق کاکڑ بیان بازیاں نہ کریں، ذمہ داروں کے نام بتائیں۔

حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا آئین کی پاسداری میں سیاسی پارٹیوں کے اندر جمہوریت، سٹوڈنٹ یونینز کی بحالی، لوکل گورنمنٹ کی مضبوطی، کسانوں، مزدوروں کے حقوق، لینڈ ریفارمز، الیکٹیبلز کی سیاست سے خلاصی اور دیگر عوامل شامل ہیں، جماعت اسلامی دردمشترک اور قدر مشترک کے اصولوں پر سب سے تعاون کےلئے تیار ہے، آئین پاکستان کے تحفظ کےلئے جو بھی کاوشیں ہوں گی اس پر اشتراک عمل ہوگا، اپوزیشن جماعتوں کے سیمینار میں جماعت اسلامی کی نمائندگی ہوگی۔