دکی،راولپنڈی ،پشاور: (مشرق نیوز،بیورورپورٹ) دکی میں بارودی سرنگ دھماکے،ایک شخص جاں بحق،متعدد زخمی، ٹانک،ڈی آئی خان میں سکیورٹی فورسر کا آپریشن،6دہشتگرد مارے گئے ۔
بلوچستان کے ضلع دکی کے مقام پر ٹھیکیدار ندی میںپہلا دھماکہ بارودی سرنگ سے کوئلے کا ٹرک ٹکرانے کے باعث ہوا، لوگوں کے جمع ہونے پر دوسرا دھماکہ ہوگیا،پولیس حکام کے مطابق دھماکوں میں ایک شخص جاں بحق،متعدد زخمی ہوگئے،زخمیوں کو ہسپتال منتقل کرکے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا گیا۔
دوسری جانب ٹانک میں سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر مشترکہ انٹیلی جنس آپریشن کیا،آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشت گرد مارے گئے، ہلاک دہشت گرد جنوبی وزیرستان کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کے حالیہ اغوا سمیت دہشت گردی کی کئی سرگرمیوں میں ملوث تھے،آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کی لعنت کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔
مزید برآں ڈی آئی خان میں موٹرسائیکل سوار 3 دہشتگردوں نے روکنے کے اشارے پر سکیورٹی فورسز ،پولیس کی مشترکہ ناکہ بندی پر اندھا دھند فائرنگ کردی، جوابی فائرنگ سے تینوں حملہ آور ہلاک ہو گئے،ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے 9 دستی بم، کلاشنکوف،میگزین،مختلف موبائل فونز اور بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کرلیا گیا۔
ٹانک،ڈی آئی خان ،سیشن جج کے اغوا میں ملوث دہشتگردوں سمیت6جہنم واصل



















