لاپتہ افراد کے اہل خانہ کے دکھ کا کسی کو احساس ہی نہیں: سندھ ہائیکورٹ،معاوضہ ادائیگی ،تحقیقات تیز کرنے کا حکم

کراچی(بیورورپورٹ) سندھ ہائی کورٹ نے سگے بھائیوں سمیت 11 لاپتہ افراد کی بازیابی کی درخواستوں پر جبری طور پر لاپتہ کیے گئے افراد کے اہل خانہ کو معاوضہ ادا کرنے اور شہریوں کو بازیاب کرانے کےلئے تحقیقات اور اقدامات تیز کرنے کا حکم دے دیا،ہائیکورٹ میں سگے بھائیوں سمیت 11 لاپتہ افراد کی بازیابی کی درخواستوں کی سماعت ہوئی، وکلا نے موقف دیا شہریوں کو مختلف علاقوں سے حراست میں لیا گیا ہے، بازیابی کا حکم دیا جائے،عدالت نے صوبائی حکومت اور پولیس کارکردگی پر اظہار برہمی کیا، جسٹس ارشد حسین خان نے ریمارکس دیئے لاپتہ افراد کے اہل خانہ کے دکھ کا کسی کو احساس ہی نہیں، ذرا سوچیں! لاپتہ افراد کے گھر والوں پر ایک ایک لمحہ گزارنا کتنا مشکل ہوگا،جسٹس ذوالفقار علی سانگی نے ریمارکس دیئے شہریوں کے بازیابی اور معاوضے کی ادائیگی سے متعلق عدالت کے کیا احکامات تھے کسی افسر کو معلوم ہی نہیں، پولیس اور صوبائی حکومت کے رویئے پر افسوس ہوتا ہے، عدالت نے ریمارکس میں کہا وکلا کیس لے کر کھڑے ہوجاتے ہیں، کیسز کے بارے انہیں کچھ پتہ نہیں ہوتا،عدالت نے جبری طور پر لاپتہ افراد کے اہل خانہ کو معاوضہ ادا کرنے ، سید معصب، طاہر علی، جاوید، معاذ، طلحہ اور دیگر کی فوری بازیابی کےلئے اقدامات کا حکم د یدیا۔