اسلام آباد:(بیورورپورٹ)تعلقات میں بڑی پیشرفت،پاکستان،ایران نے دہشتگردی کے مشترکہ چیلنج کےخلاف ہاتھ ملا لیے،دونوں ممالک نے سرحد پر لائزون افسروں کی تقرری کردی۔
سفارتی ذرائع کے مطابق لائزون افسر رواں ہفتے اپنا اپنا چارج سنبھالیں گے، پاکستانی لائزون افسر پاک فوج، ایرانی لائزون افسر پاسداران انقلاب سے تعلق رکھتے ہیں، دونوں افسرا اپنی اپنی فوج میں کرنل رینک کے ہیں۔
ذرائع کے مطابق پاک فوج کے لائزون افسر زاہدان ایران میں تعینات ہوں گے، ایرانی آئی آر جی سی کے لائزون افسر تربت بلوچستان میں تعینات ہوں گے، افسروں کی تقرری کا فیصلہ ایرانی وزیر خارجہ کے 29 جنوری کے دورہ پاکستان میں کیا گیا ۔
سفارتی ذرائع کے مطابق دہشتگردی کےخلاف تعاون کے فروغ کیلئے دونوں ممالک سکیورٹی معاہدے پر دستخط کریں گے اور معاہدے کو حتمی شکل دینے کیلئے دونوں ممالک کی وزارت داخلہ کام کررہی ہیں، معاہدے میں انسداد دہشتگردی پر انٹیلی جنس تبادلہ و باہمی معاونت بھی شامل ہوگا،سرگرم دہشتگرد تنظیموں پر پابندی بھی زیرغور ہے، پاک چین ایران باہمی انسداد دہشتگردی مذاکرات جلد ہوں گے ، وزیر داخلہ محسن نقوی کا آنے والے مہینوں میں ایران کا اہم دورہ متوقع ہے۔
پاکستان،ایران دہشتگردی کےخلاف متحد،سرحد پر لائزون افسروں کی تقرری

















