اسلام آباد (بیورو رپورٹ) بیوروکریسی پرعدم اعتماد، وفاقی کابینہ نے سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے غیر ملکی ماہرین کی خدمات حاصل کرنے کیلئے قوانین میں نرمی کی منظوری دیدی۔ ذرائع کے مطابق بیوروکریسی کی نااہلی کی وجہ سے پاکستان کو سعودی، برطانوی اور کویتی سرمایہ کاری کیلئے منصوبوں کے تیاری میں مشکلات پیش آ رہی تھیں ۔
تاہم حالیہ پیشرفت سعودی عرب سے پانچ ارب ڈالر کی متوقع سرمایہ کاری کا نتیجہ ہے جس میں سرمایہ کاری پر سعودیہ کو راغب کرنے کیلئے پرکشش منافع کے منصوبے پیش کئے گئے ،ان پر شرح منافع 14 سے 50 فیصد تک ہے۔ 50 فیصد منافع گرین فیلڈ مائن ڈیولپمنٹ خضدار پر دیا گیا ہے جوکہ ریکوڈیک اور تھر کول کے بعد کان کنی کا تیسرا بڑا منصوبہ ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ ان منصوبوں پر بریفنگ کے حوالے سے پاکستانی بیوروکریسی اتنی تربیت یافتہ نہیں تھی جتنی تیاری سعودی وفد نے کر رکھی تھی۔ذرائع نے بتایا کہ بیوروکریسی میں مہارت کے فقدان کی ایک وجہ یہ ہے کہ وفاقی سیکرٹری ہر فن مولا تو ہوتا ہے مگر کسی خاص شعبے کا ماہر نہیں ہوتا، اسے کسی بھی وقت خزانہ، پاور، پلاننگ، بورڈ آف انوسٹمنٹ، پٹرولیم، صنعت، تعلیم کا سیکرٹری تعینات کیا جا سکتا ہے، چند ماہ بعد کسی دوسری وزارت یا وزیراعظم آفس بھیجا جا سکتا ہے۔
غیر ملکی ماہرین کی خدمات کیلئے قوانین میں نرمی کی سمری منظور



















