ڈیرہ اسماعیل خان:(مشرق نیوز)وزیرستان کے سیشن جج شاکر مروت کو اغوا کرلیا گیا، سیشن جج وزیرستان کو ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان کے سنگم سے نامعلوم افراد نے اسلحہ کے زور پر اغوا کیا اور ساتھ لے گئے،پولیس کے مطابق اغوا کاروں نے ڈرائیور کو رہا کر کے جج کی گاڑی کو نذر آتش کردیا۔
اطلاع ملنے کے بعد پولیس کے اعلیٰ حکام موقع پر پہنچے اور داخلی و خارجی راستوں کی ناکہ بندی کردی، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈاپور نے سیشن جج کے اغوا کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس کو مغوی جج کی فوری بحفاظت بازیابی کےلئے اقدامات کی ہدایت کردی۔
وزیراعلیٰ نے کہا جج کو بازیاب کرانے کےلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں،ملوث عناصر قانون کی گرفت سے بچ نہیں سکتے۔
دوسری جانب سیشن جج کے اغوا پر پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی نے رد عمل دیتے ہوئے کہا سیشن جج وزیرستان کا اغوا انتہائی افسوس ناک و تشویشناک ہے،وزیر اعلیٰ بتائیں قیام امن میں کیوں سنجیدہ نہیں ،دہشتگرد دندناتے پھر رہے ہیں،سیشن جج وزیرستان شاکر مروت کے اغوا کی خبروں نے عوامی عدم تحفظ کے احساس میں اضافہ کردیا۔
ٹانک ،ڈی آئی خان بارڈر سے سیشن جج وزیرستان اغوا ،گاڑی نذر آتش

















