لاہور،اسلام آباد:(اپنے رپورٹر سے،بیورورپورٹ)سابق وفاقی وزیر ورہنما ن لیگ سعدرفیق نے کہا ہے پی ٹی آئی شوق سے فوجی قیادت کےساتھ بات کرے مگر پہلے سول سپرمیسی کے ڈرامے سے تو باہر آئے،فی الوقت حکومتی جماعتوں میں گورنر راج کی کوئی سوچ نہیں لیکن اسلام آباد پر چڑھائی ہوئی تو پھر حالات خراب ہی ہوں گے،وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کو اپنا غیر ذمہ دارانہ بیان واپس لینا چاہیے، جمہوری سیاست میں جلاو گھیراو نہیں چلتا۔
سعدرفیق نے کہاحکومت بھی کرےں اور اسلام آباد پرچڑھائی بھی ایسے کام نہیں چلے گا،علی امین گنڈا پور نے وفاق پر قبضہ کرنے کی کوشش کی تو پھر گورنر راج لگانے کا آپشن موجود ہے، بہتر ہے حماقت نہ ہی کریں، ملک میں سنجیدگی کی سیاست آنی چاہیے،اب بلی نہیں بلا تھیلے سے باہر آ گیا ،ایک طرف گریبان اور دوسری طرف پاﺅں پکڑ رہے ہوتے ہیں پھر کہتے ہیں آزادی کے علمبردار ہیں
لیگی ہنما نے کہاسیاسی لوگوں سے بات نہ کرنے سے بات 9 مئی تک جا پہنچی، سیاستدان کو ایک دوسرے سے بات کرنی پڑے گی،نوازشریف کے پارٹی صدر بننے کےلئے سب آئینی رکاوٹیں دور ہو چکیں ،درخواست ہے جماعت کی صدارت کا منصب سنبھالیں،معاشی بگاڑ بہت بڑا ہے لیکن مایوس نہیں ہوں گے،نئی نسل کو مستحکم پاکستان دینا ہے ،پاکستان کو پرامن محفوظ و مستحکم بنائیں گے، جھوٹ بولے جاتے ہیں زہریلا پروپیگنڈہ کیاجاتا ہے لیکن پاکستان کا قافلہ کامیابی سے دوچار ہوگا۔
ادھر پیپلزپارٹی کے رہنما فیصل کریم کنڈی نے کہا فوج کو سیاست میں مداخلت نہیں کرنی چاہیے مگر پی ٹی آئی پھر فوج کو سیاست میں دھکیل رہی ہے اور بانی چیئرمین مس کال کے منتظر ہیں،پی ٹی آئی کی اطلاع کےلئے عرض ہے آپ کو یہ سہولت میسر نہیں اگر مذاکرات کرنے ہیں تو سیاسی جماعتوں کےساتھ کریں کیونکہ سیاسی لوگ بات چیت پر یقین رکھتے ہیں۔
پی ٹی آئی فوج کو پھر سیاست میں دھکیل رہی ہے،حکومتی اتحاد


















