وزیر آباد: کسانوں کا اے سی آفس کے احاطے میں احتجاجی مظاہرہ

وزیرآباد:(شیخ محمد علی) کسانوں کا اے سی آفس کے احاطہ میں مظاہرہ،احتجاجی مظاہرہ کی قیادت ضلعی صدر کسان بورڈ وزیرآباد نذر محمد چیمہ نے کی،ریلی میں اعجاز احمد چیمہ نمبردار،صاحبزادہ محمد رفیق نعیم،راحت چیمہ،شیخ نعیم انور سمیت کسانوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

صدر کسان بورڈ نذر چیمہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کسانوں کے مہنگی بجلی، مہنگی کھاد نامنظور کے نعرے، احتجاج کرتے کسانوں کا کہنا تھا کہ حکومت کی کسان دشمن پالیسیوں کے باعث کِسانوں کا معاشی قتل ہورہا ہے، کسا ن خوشحال ہوگا تو ہی پاکستان خوشحال ہوگا، بلیک قیمتوں پر کھاد خریدنے والے کسان اب کم قیمت پر گندم فروخت کرنے پر مجبور ہیں، حکومت اس ناانصافی کو ختم کرکے کسانوں کو انکا حق دے حکومت اپنے وعدوں کے مطابق کاشتکاروں سے گندم خریدے۔

کاشت کاروں نے کہا کہ کسانوں کو گندم فروخت کرنے کے لیے باردانہ فوری جاری کیا جائے، تمام مراکز خریداری گندم فوری طور پر بحال کیا جائے، غلہ منڈیوں میں گندم کی سرکاری قیمت پر فروخت کو یقینی بنایا جائے،واپڈا کی طرف سے اووربلنگ کو روکا جائے، 2 دن میں مطالبے پورے نہ ہوئے تو کسان بورڈ اپنے احتجاج کا دائرہ کار وسیع کریگا۔علاوہ ازیں نذر محمد چیمہ کی قیادت میں ریلی کے شرکاءنے اسسٹنٹ کمشنر سلیم آسی سے ملاقات کی اور اپنے مطالبات پیش کئے جس پر محمد سلیم آسی کی یقین دہانی پر مظاہرین پر امن طور پر منتشر ہوگئے۔محمد سلیم آسی نے کہا کہ اگر کسی کے پاس اوور بلنگ کے ثبوت ہیں وہ ثبوتوں کے ساتھ درخواست دے اوور بلنگ کرنیوالوں کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔