انتشاری اب آئے تو بطور حکمران واپس جانا ناممکن ہو گا:سعدرفیق

لاہور:(اپنے رپورٹر سے)سابق وفاقی وزیر ورہنما ن لیگ سعدرفیق نے کہاہے انتشاری اب آئے تو بطور حکمران واپس جانا ناممکن ہو جائے گا،وزیر اعلیٰ خیبر پختوانخو کی جانب سے اسلام آباد پر دھاوے کی دھمکی نہایت سنگین معاملہ ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں سعد رفیق نے کہا اسلام آباد پر قبضے کیلئے پی ٹی آئی کی خیبرپختونخوا حکومت ماضی میں بھی وفاق پر حملے کرتی رہی، نتیجہ انتشار، نفرت ،معاشی تباہی میں بڑھاوے کے سوا کچھ نہ نکلا،انتشاری اس بار بھی اسلام آباد پر چڑھائی اور قبضہ کرنے آئے تو بطور حکمران واپس جانا ناممکن ہو جائے گا۔

سابق وفاقی وزیر نے کہاگھیراﺅ جلا ﺅاور مار دھاڑ کی گندی سیاست چل سکتی ہے نہ فاشسٹ رویہ برداشت کیا جائے گا، نیا9مئی کرنے کی بجائے اپنی لمبی زبانیں اور ہاتھ پاﺅں لپیٹ کر عقل کا استعمال کرو۔