ننکانہ صاحب :(نصر اقبال)عطائی ڈاکٹرز ، جعلی میڈیکل اسٹورز ، نشہ آور اور زائد المیعاد ادویات کی فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاون تیز کرنے کا حکم دےدیا گیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر عطائی ڈاکٹرز ، جعلی میڈیکل اسٹورز ، نشہ آور اور زائد المیعاد ادویات کی فروخت کرنے والوں کے خلاف ضلع بھر میں جاری کریک ڈاون کا جائزہ لینے کے لیے ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ کا خصوصی اجلاس کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔جس کی صدارت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل حنیف نے کی۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ اتھارٹی ننکانہ ، سیکرٹری ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ شمائلہ عابد ، ڈرگ انسپکٹر ننکانہ ، ڈرگ انسپکٹر شاہکوٹ و دیگر متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ کے اجلاس میں مجموعی طور پر 8 کیسز کی سماعت ہوئی۔اجلاس کی سفارشات پر 5 فارمیسیز کو وارننگ اور 2 میڈیکل سٹوروں کی ری چیکنگ کرنے اور 1 کے چالان عدالتوں میں بجھوانے کی ہدایات جاری کی گئی۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ بغیر لائسنس کلینک اورمیڈیکل سٹور چلانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں، ضلع بھر میں زائد المیعاداور نشہ آور ادویات فروخت کرنے والے میڈیکل سٹورز کے خلاف کریک ڈاون کو مزید تیز کیا جائے گا اور ضلع ننکانہ میں تعینات تمام ڈرگ انسپکٹرز جعلی ادویات بنانے اور فروخت کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کاروائیاں جاری رکھیں۔انہوں نے کہا کہ انسانی جانوں کو بچانے کے لیے محکمہ صحت سمیت دیگر ادارے تمام تر وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے جعلی اور نشہ آور ادویات فروخت کرنے والوں خلاف گھیرا تنگ کریں اور انکو کیفرکردار تک پہنچائیں۔
ننکانہ :عطائیوں اور جعلی میڈیکل سٹوروں کیخلاف کریک ڈاﺅن تیز کرنے کا حکم

















