پشین حملے کی منصوبہ بندی افغانستان سے کی گئی: گرفتار افغان دہشت گرد کا اعتراف

پشاور (بیورو رپورٹ) گرفتار افغان دہشت گرد حبیب اللہ نے پاکستان میں دہشت گرد کارروائیوں کا اعتراف کیا ہے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق گرفتار افغان دہشت گرد حبیب اللہ کا کہنا ہے کہ پشین میں حملے کی منصوبہ بندی افغانستان سے کی گئی۔ افغان دہشت گرد حبیب اللہ نے اعتراف کیا ہے کہ حملے کیلئے ہمیں راکٹ لانچر، گرنیڈ اور اسلحہ فراہم کیا گیا۔

دہشت گرد حبیب اللہ نے یہ بھی بتایا ہے کہ ہمیں افغانستان کے بارڈر تک افغان طالبان نے مکمل مدد فراہم کی۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق افغان دہشت گردحبیب اللہ کو 23 اپریل کو پشین میں دوران آپریشن زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا ہے۔

سکیورٹی ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ دہشت گرد حبیب اللّٰہ افغانستان کے علاقے سپن بولدک کا رہائشی ہے۔