ٹیکس کیسز میں التوا کانوٹس،متعلقہ تمام افسر معطل، ایک ایک پائی بچائینگے،وزیراعظم

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)وزیر اعظم شہباز شریف کا ٹیکس کیسز میں دانستہ التوا کا نوٹس ،چیف کمشنر ان لینڈ ریونیو اسلام آباد اور متعلقہ تمام افسروں کو معطل کرکے انکوائری کا حکم دےدیا۔

وزیراعظم نے اسلام آباد میں ایف بی آر وکیل کی جانب سے عدالت میں ایسے ہی ایک کیس کی تاریخ میں تاخیر کی استدعا پر نوٹس لیا،شہباز شریف نے کہا قومی خزانے کے سینکڑوں ارب قانونی تنازعات کی وجہ سے پھنسے ہوئے ہیں،کسی بھی قسم کی لاپرواہی اور کوتاہی قبول نہیں کروں گا،عوام سے کئے گئے عہد کے تحت ٹیکس نظام میں اصلاحات کی خود نگرانی کر رہا ہوں، ملک و قوم کی ایک ایک پائی بچانے اور محصولات میں اضافے کیلئے دن رات محنت کرنا ہو گی۔

دریں اثنابرطانیہ کی معروف جامعات کے نمائندگان کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہامعیاری تعلیم کا فروغ ترجیح ہے، بھرپور کوشش ہے کوئی بھی بچہ سکول سے باہر نہ ہو ،پاکستان ،برطانیہ کے دہائیوں پر محیط تعلقات میں وقت کےساتھ مزید بہتری آرہی ہے ،برطانیہ کےساتھ تجارت و تعلیم کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے خواہاں ہیں ،یونیورسٹیوں کے مابین ٹیکنالوجی و تحقیق کے شعبوں میں اشتراک ہونا چاہیے ،برطانیہ پاکستانی اساتذہ کی تربیت اور استعداد کار میں اضافے کیلئے مدد گار ثابت ہو سکتا ہے جبکہ وفد نے برطانیہ اور پاکستان کے درمیان اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں اشتراک اور تعاون کیلئے گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔