کیا چیئرمین ایف بی آر کا کام صرف کرپٹ افسران کا تحفظ کرنا رہ گیا؟چیف جسٹس

کراچی(بیورورپورٹ) سپریم کورٹ نے کنٹینرز ٹریکنگ کے ٹھیکوں میں کرپشن پر ایف بی آر کے کرپٹ افسران کیخلاف کارروائی کے حکم پر نظر ثانی کی درخواست مسترد کردی،چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی عیسیٰ فائز کی سربراہی میں جسٹس جمال مندوخیل اور جسٹس نعیم اختر پر مشتمل بینچ کے روبرو کراچی رجسٹری میں کنٹینرز ٹریکنگ کے ٹھیکوں میں کرپشن پر ایف بی آر کے کرپٹ افسران کیخلاف کارروائی کے حکم پر نظر ثانی کی درخواست پر سماعت ہوئی،ایف بی آر افسران کیخلاف کارروائی کے حکم پر نظر ثانی کی درخواست دائر کرنے پر سپریم کورٹ برہم ہوگئی،چیف جسٹس قاضی عیسی فائز نے ریمارکس دیئے کیا چیئرمین ایف بی آر کا کام صرف کرپٹ افسران کا تحفظ کرنا رہ گیا ہے؟ سرکاری اداروں کا یہ کام ہے کہ کرپٹ افسران کو بچانے کی کوشش کرے؟،سپریم کورٹ نے عدالتی حکم نامے کی کاپی ایف بی آر بورڈ کے تمام ممبرز اور سیکرٹر ی خزانہ کو بھجوانے کی ہدایت کردی، عدالت عظمیٰ نے ریمارکس دیئے آئندہ ایسی درخواستیں دائر نہ کی جائیں جس سے عدالتی وقت کا ضیاع ہو،سپریم کورٹ نے ایف بی آر کی نظر ثانی کی درخواست مسترد کر دی،سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں چودھری خلیق الزماں روڈ کی کمرشلائزیشن کےخلاف درخواست کی سماعت ہوئی، چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کراچی میں کیا کیا غیر قانونی ہورہا ہے ہمیں بھی سب پتہ ہے،عدالت نے بلڈر کے وکیل سے سوال کیا پلاٹ کی کمرشلائزیشن فیس کس کو اد اکی ہے؟ اس پر بلڈر کے وکیل نے جواب دیا پلاٹ کی کمرشلائزیشن فیس ماسٹر پلان ڈیپارٹمنٹ کو دی ہے،عدالت نے سوال کیا کس کو پیسے کھلائے ہیں رسیدیں کہاں ہیں؟، بلڈر نے 22 منزلہ عمارت بنادی ہے مگر رسیدیں نہیں ہیں،کراچی میں کیا کیا غیر قانونی ہورہا ہے ہمیں بھی سب پتہ ہے، عدالت نے درخواست گزار کو بلڈنگ کی کمرشلائزیشن کی مد میں ادائیگی کا ریکارڈ پیش کرنے کی ہدایت کی،عدالت نے ماسٹر پلان ڈیپارٹمنٹ ،کے ایم سی اور کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر چودھر ی خلیق الزماں روڈ کی کمرشلائزیشن کا ریکارڈ طلب کرلیا جبکہ عدالت نے فریقین کو 25 اپریل کو مکمل ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دیا،دوسری جانب کلفٹن میں سرکاری پلاٹ کی ملکیت کے تنازع کے کیس میں میئر کراچی مرتضیٰ وہاب عدالتی حکم پر سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں پیش ہوگئے،اس دوران چیف جسٹس قاضی فائز نے میئر کراچی سے مخاطب ہوکر کہا آپ کو پتہ ہے آپ کو کیوں بلایا ہے؟ اس پر مرتضیٰ وہاب نے جواب دیا مجھے میڈیا کے ذریعے پتہ چلا کہ بلایا گیا ہے، فروغ نسیم سے پوچھ لیتا ہوں کیا کیس ہے،میئر کراچی نے عدالت کو بتایا کیس سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ نے دائر کیا تھا اب زمینوں سے متعلق یہ محکمہ کے ڈی اے کے پاس ہے، اس پر چیف جسٹس نے کہا ہمارا سارا دن خراب ہوا اور آپ کا بھی وقت ضائع ہوا اب بتارہے ہیں یہ کے ایم سی کا مسئلہ ہی نہیں،چیف جسٹس نے ڈی جی کراچی ڈ ویلپمنٹ اتھارٹی سے مخاطب ہوکر کہا آپ کے وکیل کیوں موجود نہیں ؟ کیس کیوں نہیں چلاتے ؟ اس پر ڈی جی کے ڈی اے نے جامع رپورٹ پیش کرنے کیلئے مہلت طلب کی،بعد ازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت 26 اپریل تک ملتوی کردی۔