پاک ایران متعدد معاہدے، تجارتی حجم 10 ارب ڈالر تک بڑھانے، دہشت گردی کیخلاف مشترکہ کوششوں پر اتفاق
اسلام آباد (بیورو رپورٹ) پاکستان اور ایران کے درمیان تجارتی حجم 10 ارب ڈالر تک بڑھانے اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے مشترکہ کوششوں پر اتفاق ہوگیا جبکہ وفاقی کابینہ نے ایران کےساتھ مختلف شعبوں میں ایم او یوز پر دستخط کرنے کی منظوری دےدی۔ ایرانی صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی نے وزیراعظم شہبازشریف سے ملاقات کی جس میں دہشت گردی کےخلاف دونوں ممالک کی مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا گیا، دونوں ممالک کے درمیان سکیورٹی، تجارت، سائنس و ٹیکنالوجی، ویٹرنری ہیلتھ، ثقافت، عدالتی امور سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کےلئے 8 معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کردئیے گئے۔ ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کا اسلام آباد میں نور خان ائربیس پر وفاقی وزیر ہاوسنگ اینڈ ورکس ریاض حسین پیرزادہ نے ان کا استقبال کیا، بعد ازاں ایرانی صدر ابراہیم رئیسی وزیراعظم ہاوس پہنچے تو وزیراعظم شہباز شریف نے مہمان کا استقبال کیا، وزیراعظم ہاوس آمد کے موقع پر مسلح افواج کے دستوں کی جانب سے ایرانی صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے، وزیراعظم ہاوس میں وفاقی کابینہ کے ارکان کا ایرانی صدر کے ساتھ تعارف کرایا گیا جبکہ ایرانی صدر نے بھی اپنے وفد کے ارکان کو وزیراعظم شہبازشریف سے متعارف کرایا،اسلام آباد کی ایک شاہراہ کو ایران ایونیو کا نام دےدیا گیا، دونوں شخصیات نے ایران ایونیو شاہراہ کا افتتاح بھی کیا، ایرانی صدر اور وزیراعظم شہباز شریف نے ارتھ ڈے کی مناسبت سے پودا بھی لگایا، بعد ازاں ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی وزیراعظم شہبازشریف کےساتھ و ن آن ون ملاقات ہوئی جس میں دونوں رہنماوں کے درمیان نیک خواہشات کا تبادلہ ہوا، ایرانی صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی نے پاکستان آمد پر پر تپاک استقبال کیے جانے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا، اس موقع پر دونوں رہنماوں کے درمیان ایران پاکستان دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے سیر حاصل گفتگو ہوئی، ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور مواصلاتی روابط بڑھانے کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی، دونوں رہنماوں نے دہشت گردی کے خاتمے کےلئے پاکستان ایران مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا،ایرانی صدر اور وزیراعظم کی ملاقات کے بعد وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے بعدازاں دونوں جانب سے8 شعبوں میں تعاون کےلئے مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے، دونوں جانب سے وزرا ءنے باری باری آکر دستخط کیے،دونوں رہنماوں نے مشترکہ طور پر میڈیا سے گفتگو بھی کی اور دہشت گردی کے خاتمے سمیت دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم کو بڑھانے پر اتفاق کیا، وزیراعظم شہباز شریف نے کہا غزہ کے معاملے پر ایران نے مضبوط موقف اپنایا جو کہ قابل تعریف ہے، ایران نے کشمیر کے حق میں آواز بلند کی،ایران کے صدر فقہ اور قانون پر مہارت رکھتے ہیں، ہمیں اپنی سرحدوں پر کاروبار کو وسعت دینی ہوگی، ہمیں موقع ملاہے اپنی دوستی کو مزید مضبوط کریں، ایران کے آزادی کے بعد سب سے پہلے پاکستان کو تسلیم کیا،ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے کہا پاکستان کی سرزمین ہمارے لیے قابل احترام ہے، فلسطین میں جاری اسرائیلی جارحیت کا خاتمہ ضروری ہے، فلسطین میں اسرائیلی ظلم کےخلاف پاکستان عوام کا ردعمل قابل تحسین ہے،پاکستان اور ایران کے درمیان مذہبی و ثقافتی تعلقات ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون ناگزیر ہے، دونوں ممالک دہشت گردی، منظم جرائم اور منشیات کے خاتمے کےلئے مل کر کام کریں گے،ابراہیم رئیسی نے کہا پاکستان اور ایران کے درمیان مختلف شعبوں میں تجارت کے بہت مواقع ہیں، ہمارا تجارتی حجم بہت کم ہے اسے بڑھانا ہوگا ، بارڈر مارکیٹ سے تجارت کا فروغ ہوگا اور نئی مواقع حاصل ہوں گے،قبل ازیں وزیراعظم ہاو¿س آمد سے قبل ایرانی صدر سے وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ملاقات کی اورعلاقائی اور عالمی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا، فریقین نے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کےلئے کوششوں پر زور دیا،دریں اثناءصدر مملکت آصف علی زرداری سے ایرانی ہم منصب ابراہیم رئیسی نے ملاقات کی ،ملاقات کے دوران پاکستان اور ایران کے درمیان دو طرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا،اس موقع پر صدر پاکستان آصف علی زرداری نے کہا ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی کو خوش آمدید کہنا اعزاز کی بات ہے۔



















