حکومتی ممبر قومی اسمبلی کے عزیز و اقارب قبضہ کرانے میں ملوث

لاہور: ( سپیشل رپورٹر ) ننکانہ صاحب میں متروکہ وقف املاک کی سرکاری اراضی پر حکومتی ممبر قومی اسمبلی کے عزیز و اقارب قبضہ کرانے میں ملوث ہیں،ان خیالات کا اظہار انچارج انکروچمنٹ ننکانہ صاحب نے چیئرمین و سیکرٹری بورڈ کو دی گئی تحریری درخواست میں کیا۔

درخواست کے متن کے مطابق ممبر اسمبلی کے رشتے دار متروکہ وقف املاک سٹاف کیلئے دشواریاں پیداکرنے کے ساتھ دھمکیاں دے رہے ہیں،متروکہ وقف املاک ننکانہ صاحب کی زمینوں کی خریدو فروخت ،ناجائز کمرشل اور گھریلو تعمیرات کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ شروع ہو چکا۔

متروکہ وقف املاک ننکانہ صاحب آفس میں تعینات انچارج اینٹی انکروچمنٹ سیل ملک زاہد امجد نے 25 مارچ 2024 کو لیٹر سیکرٹری متروکہ وقف املاک بورڈ کو لکھا جس میں انچارج اینٹی انکروچمنٹ سیل ملک زاہد امجد نے کہاجہاں بھی انکروچمنٹ کرنے کےلئے جاتے ہیں تو لوکل ایم این اے کے رشتے دار سامنے آ جاتے ہیں ،انکروچمنٹ نہیں کرنے دیتے ،گالی گلوچ بھی کرتے ہیں ،تمام افراد اپنے اثرورسوخ کی بنا پر دشواریاں پیدا کر رہے ہیں اور یہی لوگ متروکہ وقف املاک کے ملازمین کےساتھ مل کر ناجائز تعمیرات کرا رہے ہیں۔