ڈسکہ و گردو نواح میں مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ


ڈسکہ:(رانا امین خان) ڈسکہ و گردو نواح میں برائلر مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ، مرغی کا گوشت 820 روپے فی کلوگرام کے حساب سے فروخت ہونے لگا، مرغی فروشوں نے سرکاری ریٹ کو نظر انداز کر دیا۔

شہریوں کے لیے مرغی کا گوشت خرید نا مشکل ہو گیا۔ ہڑتال کے بعد مرغی فروشوں کی دکانیں تو کھل گئی ہیں لیکن قیمت آسمان پر پہنچی گئی ہے۔ تحصیل انتظامیہ کی جانب سے فارمی مرغی کے گوشت کی قیمت 699 روپے مقرر کی گئی ہے لیکن مرغی کا گوشت فروخت کرنے والوں نے اپنے ریٹ مقرر کر لیے۔ مرغی کا گوشت 800 روپے سے لے کر 830 روپے فی کلوگرام کے حساب سے فروخت ہوتا رہا۔ مرغی کا گوشت فروخت کرنے والوں نے خود ساختہ طور پر قیمتوں میں اضافہ کیا ہے جبکہ پرائس کنٹرول کمیٹیاں خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں۔

مرغی کا گوشت فروخت کرنے والوں کا کہنا ہے کہ انہیں مرغی پیچھے سے ہی مہنگی مل رہی جبکہ پولٹری فارمز سے مرغیاں مل ہی نہیں رہیں۔ جس کیوجہ سے ریٹ بڑھے ہیں۔ مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں اضافہ سے وہ بھی پریشان ہیں کیونکہ ان کی سیل بہت کم ہوگئی ہے۔