ایرانی صدر کادورہ پہلے سے طے ،ترقی میں پوشیدہ ہاتھ رکاوٹ ہے ،اسحاق ڈار

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے ایرانی صدر کادورہ پاکستان پہلے سے طے شدہ تھا،تہران ،اسرائیل تنازع سے علاقائی امن کو خطرہ ہے، سب کو ملکر جنگ بندی کےلئے کام کرنا چاہئے اگر بھارتی ٹارگٹ کلنگ پر کوئی بیان نہیں تومطلب یہ نہیں سوئے ہوئے ہیں۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہاایرانی صدر کا دورہ پاکستان پہلے سے طے شدہ تھا، ایران ،اسرائیل کے درمیان صورتحال ابھی پیدا ہوئی ،دورے سے کوئی تعلق نہیں، ایران ، اسرائیل کے معاملے پر دفتر خارجہ نے اپنا بیان جاری کیا ، سربراہ مملکت کے دورے فوری طور پر پلان نہیں ہوتے، ایرانی صدر کا دورہ 22، 23 اور 24 اپریل کو ہوگا۔

وزیر خارجہ نے کہاکچھ سیاسی جماعتوں کاسعودی وفد کے دورے پر سیاست کرنا افسوسناک ہے، سعودی عرب کے وفد کا دورہ پاکستان خوش آئند رہا، بیرونی سرمایہ کاری کیلئے کئے گئے حکومتی اقدامات کو سراہا گیا،خارجہ امور پرپالیسی گائیڈ لائن امن ہے، مسائل کا پرامن حل ،غزہ میں جنگ بندی چاہتے ہیں،خارجہ پالیسی ایک جیسی ہے میرے آنے سے کوئی فرق نہیں پڑےگا۔

اسحاق ڈار نے کہاسفارتکاری کو معاشی و اقتصادی سفارتکاری کی جانب لےکر جارہے ہیں، 28،29 اپریل کو سعودی عرب میں ورلڈ اکنامک فورم کا خصوصی اجلاس ہوگا،وزیراعظم شہباز شریف اور میں ورلڈ اکنامک فورم کے خصوصی اجلاس میں شرکت کریں گے،او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کروں گا، او آئی سی سربراہی اجلاس 4 ،5 مئی کو ہوگا، وزیراعظم شہباز شریف او آئی سی کے سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔

وزیر خارجہ نے کہامعیشت 2018 میں مستحکم ہو رہی تھی، سیاست کو ملکی مفاد پر مقدم نہیں سمجھنا چاہیے، گزشتہ دور میں 2013 کے بعد کی تمام محنت رائیگاں کردی گئی،بشام واقعہ کی تحقیقات ہورہی ہیں، چینی باشندوں کی پاکستان میں سکیورٹی ترجیح ہے، جلد ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچا دیں گے،مجھے افغانستان کے دورے کی دعوت آئی ہوئی ہے مناسب وقت پر دورہ کریں گے، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو دورہ پاکستان کی دعوت دی، سفارتی امور کو حتمی شکل دینے کے بعد امید ہے دورہ ہوگا۔

اسحاق ڈار نے کہاجب بھی پاکستان ترقی کی طرف جاتا ہے تو پوشیدہ ہاتھ رکاوٹ پیدا کردیتے ہیں،دنیا بھر میں چند بلین ڈالرز کی بھیک مانگ رہے ہیں،ملک کو کئی سال پیچھے دھکیل دیا گیا،پاکستان جلد جی 20 کا حصہ بنے گا، وزیراعظم کا ویژن واضح ہے ملک کو بھنور سے نکالیں گے،ورلڈ اکنامک فورم کو بتائیں گے پاکستان کے پاس دنیا کےلئے بہت کچھ ہے،پاکستان کو سفارتی تنہائی سے نکالنے کی کوشش کررہے ہیں۔