پاکستان برطانیہ کے ساتھ دیرینہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے:سر دار ایاز صادق

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پاکستان برطانیہ کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے جو باہمی احترام اور وسیع علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر یکساں خیالات پر مبنی ہیں، دونوں دوست ممالک کے درمیان عوامی اور پارلیمانی رابطوں سے باہمی مفادات اور اقتصادی تعلقات کے شعبوں میں مزید بہتری آئیگی۔ وہ پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ سے گفتگو کررہے تھے جنہوں نے جمعرات کو پارلیمنٹ ہاﺅس میں ان سے ملاقات کی۔ برطانوی سفارتکار سے گفتگوکرتے ہوئے سپیکر نے کہا کہ پارلیمانی سفارتکاری نے تاریخی طور پردونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے دونوں پارلیمانوں کے درمیان پارلیمانی دوستی گروپوں اور اعلیٰ سطحی وفود کے تبادلوں کے ذریعے ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ اس سلسلے میں برطانوی دارالعوام کے سپیکر کو ارکان پارلیمنٹ کے ہمراہ دورہ پاکستان کی دعوت دی جائےگی۔سپیکر نے کہا کہ پاکستانی تارکین وطن کی برطانیہ کی ترقی میں بے حد اہمیت ہے، انہوں نے دونوں ممالک کی ترقی میں انکی شمولیت کی تعریف کی۔ انہوں نے سمندر پار پاکستانیوں کو ملک کا انمول اثاثہ قرار دیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ سمندر پار پاکستانیوں کی سہولت کےلئے متعلقہ سٹیک ہولڈرز کے ساتھ شراکت داری میں اقدامات کریں گے۔ انہوں نے زور دیا کہ برطانیہ پاکستانی طلبا کیلئے سکالرشپ کی صورت میں مزید تعلیمی مواقع فراہم کرنے پر غور کر ے۔ اس موقع پر برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی طرف سے خیر سگالی کے جذبات کے اظہار پر شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کی طرف سے اٹھائے گئے تمام نکات سے متعلقہ حکام کو آگاہ کریں گی۔ انہوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ پاکستان، برطانیہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے کیلئے ملکر کام کرتے رہیں گے۔