جمہوریت کے دعویدار بھارت میں عام انتخابات کا آغاز کل سے ہوگا

نئی دہلی (مشرق نیوز) دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کے دعویدار ملک بھارت میں عام انتخابات کا آغاز کل 19 اپریل سے ہورہا ہے، 7 مراحل پر مشتمل انتخابات یکم جون تک ہوں گے۔ بھارت میں ہر پانچ سال بعد انتخابات کا انعقاد کیا جاتا ہے، جس کو دنیا میں کسی بھی ملک میں ہونے والا سب سے بڑا انتخابی معرکہ بھی قرار دیا جاتا ہے۔ بھارت میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 97 کروڑ ہے جبکہ حکومت سازی کی خاطر لوک سبھا کی 543 نشستوں میں سے کسی بھی پارٹی کو 272 نشستوں کی سادہ اکثریت درکار ہوتی ہے۔ خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بھارت میں سات مراحل میں ہونے والے انتخابات کے پہلے مرحلے میں بدھ کی شام انتخابی مہم ختم ہو گئی، اس مرحلے میں جمعے کو 21 ریاستوں کے 102 حلقوں میں ووٹ ڈالے جائیں گے۔ ووٹنگ کی تاریخیں 19 اپریل، 26 اپریل، 7 مئی، 13مئی، 20مئی، 25مئی اور یکم جون ہیں جب ووٹنگ کا عمل مکمل ہو جائے گا تو ووٹوں کی گنتی4 جون کو ہو گی۔ ان مراحل کا مقصد پولنگ بوتھوں پر مناسب سکیورٹی کو یقینی بنانا ہے۔ بھارت میں انتخابات کے جمہوری عمل کے نگران ادارے الیکشن کمیشن کے مطابق دنیا کے سب سے زیادہ آبادی والے ملک میں ووٹ ڈالنے کے اہل افراد میں 497 ملین مرد، 471 ملین خواتین اور 48,044 تیسری جنس والے ووٹرز شامل ہیں ، انتخابات میں تقریبا 2600 سے زائد سیاسی جماعتیں حصہ لیں گی۔ بھارت میں ووٹنگ کیلئے الیکٹرانک نظام ہے جبکہ رائے دہندگان صرف ایک بٹن دبا کر اپنی پسند کے امیدوار کو ووٹ دے سکتے ہیں، کسی بھی حلقے سے سب سے زیادہ ووٹ حاصل کرنے والا امیدوار کامیاب قرار پاتا ہے۔ بھارت میں بھی پاکستان کی طرح الیکشن میں بطور امیدوار کھڑا ہونے کیلئے کم ازکم لازمی عمر25 برس ہے جبکہ18 سال کا کوئی بھی شہری ووٹ ڈالنے کا حق رکھتا ہے۔