9مئی کے منصوبہ ساز ملکی مفاد پر حملہ آور ،پاکستان پر تنقید ناقابل برداشت ہے،عطا تارڑ

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)وزیر اطلاعات و نشریات عطاتارڑ نے کہا ہے پاکستان پر تنقید ناقابل برداشت،9مئی کے منصوبہ ساز قومی مفاد پر حملہ آور،ملک دشمنوں کو سرمایہ کاری ہضم نہیں ہورہی۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا ملکی مفاد کےخلاف بات کرنےوالا پاکستان کا دشمن ہے ، اپنے سیاسی مفاد اور انا کو ملکی مفاد پر ترجیح دینا قابل مذمت ،افسوسناک ہے،پہلے بیان دینا پھر مکر جانا پی ٹی آئی کا پرانا وطیرہ ہے،پی ٹی آئی کالیڈر پہلے ہی کرپشن کے مقدمات بھگت رہا ہے، ملک میں سرمایہ کاری پاکستان دشمنوں کو ہضم نہیں ہو رہی ایسے عناصر کےلئے ہدایت کی دعا کرتے ہیں، کاش ملکی مفاد میں بھی بات کر سکیں۔

وزیر اطلاعات نے کہاسیاسی مخالفت میں ملک دشمنی نامناسب ہے، آپ پر تنقید کریں لیکن پاکستان پر تنقید ناقابل برداشت ہے، دوست ممالک پاکستان میں سرمایہ کاری و تعاون کی حمایت اور دوستی کا ہاتھ بڑھا رہے ہیں،پاکستان ترقی کرے گا، دوست ممالک کےساتھ روابط بڑھائیں گے۔

دریں اثنا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہاخصوصی سرمایہ کاری کونسل کا قیام ملک کے مفاد میں ہے، حکومت کا سب سے اہم مقصد سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کرنا ہے،پاکستان میں دنیا کی بہترین انجینئرنگ یونیورسٹیاں موجود ہیں، ہر سال 50ہزار کے قریب گریجویٹ فارغ التحصیل ہورہے ہیں، ووکیشنل ٹریننگ پر توجہ مرکوز کرنا ہوگی۔