اربوں ڈالر سعودی سرمایہ کاری ہوگی، منصوبوں میں تاخیر برداشت نہیں :شہباز


اسلام آباد: (بیورورپورٹ)وفاقی کابینہ نے قومی ادارہ برائے ماڈرن سائنسز بل سمیت اہم فیصلوں کی منظوری دےدی، وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا سعودی عرب ،پاکستان کے معاشی تعلقات نئے دور میں داخل ہو چکے ،وفد کے دور ے سے اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری ہوگی،پاکستان کی ترقی کےلئے تیز رفتاری سے کام کرنا ہے، کسی بھی قسم کی سستی و کوتاہی برداشت نہیں کی جائےگی ،وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق چاروں صوبوں سے رابطہ کر کے گندم خریداری کے اہداف مکمل کریں ، کسانوں کو محنت کا معاوضہ پہنچانے کےلئے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

وزیراعظم شہبازشریف کی زیر صدارت اجلاس میںوفاقی کابینہ نے قومی ادارہ برائے ماڈرن سائنسز بل ،سفیر منظور چودھری کو غیر ملکی ایوارڈ دینے ،احتساب عدالتوں کی ری آرگنائزیشن ،فیڈرل ڈرگ انسپکٹر کی تقرری ،وزارت سمندر پار پاکستانیز ،وزارت قطر لیبر کے مابین مفاہمتی یادداشت ،وفاقی پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کی5سالہ پالیسی کی منظوری اورای سی سی فیصلوں کی توثیق کردی،وزیر اعظم نے سعودی وفد کے دورے کو کامیاب بنانے کیلئے وفاقی وزرا ، سیکرٹریز و دیگر حکام کی کوششوں ،محنت کو سراہا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاسعودی عرب ،پاکستان کے معاشی تعلقات نئے دور میں داخل ہو چکے ،ملک میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری ہوگی،محنت سے سرمایہ کاری کی پاکستان میں آمد اور منصوبوں کی تکمیل یقینی بنانا ہے،پرانے طریقہ کار پر چلنے کی گنجائش ہے نہ اجازت دونگا،عوام سے کئے گئے عہد کے مطابق ملکی ترقی و خوشحالی کیلئے دن رات محنت کریں گے، پورا یقین ہے اگر محنت کرتے رہے تو پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور معاشی استحکام کے اہدف جلد حاصل کر لیں گے،ملکی ترقی میں کسی بھی قسم کی سستی اور کوتاہی برداشت نہیں کی جائےگی،شہبازشریف نے کہا سعودی وفد پاکستانی وزرا،حکام کی تیاری سے متاثر ہوا اور سعودی وزیر خارجہ عزت شہزادہ فیصل بن فرحان آلسعود نے برملا اظہار کیا۔

دریں اثناوزیراعظم شہباز شریف سے چیئرمین شنگھائی الیکٹرک گروپ وو لی کی سربراہی میں شنگھائی الیکٹرک گروپ کے وفد نے ملاقات کی،شہباز شریف نے پاکستان کے چین کےساتھ دوستانہ تعلقات و معاشی اشتراک کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہاپاک چین دوستی سمندروں سے گہری ،ہمالیہ سے بلند ہے،ملک میں کام کرنےوالی چینی کمپنیوں اور ملازمین کےلئے سکیورٹی کی فراہمی میں کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

وزیراعظم نے شنگھائی الیکٹرک گروپ کو ملک میں درآمد شدہ کوئلے سے چلنے والے پاور پلانٹس کو مقامی کوئلے پر منتقل کرنے اور کوئلے کی کان کنی کے منصوبوں کو مزید وسعت دینے کی دعوت دیتے ہوئے کہاموجودہ منصوبوں کو مزید وسعت دینے کےلئے حکومت چینی سرمایہ کاروں کو تمام تر سہولیات فراہم کرے گی۔

مزید برآں وزیراعظم شہبازشریف نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے دوران ملاقات گفتگو کرتے ہوئے کہابلوچستان کی ترقی و خوشحالی حکومت کی ترجیح ہے ، بارشوں سے متاثرہ افراد کی بحالی کےلئے وفاقی حکومت صوبائی حکومت کےساتھ کھڑی ہے ، بلوچستان کے معدنی وسائل سے بھرپور فائدہ اٹھانے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں، وفاقی حکومت بلوچستان میں تعلیم کے فروغ کےلئے صوبائی حکومت کی ہر ممکن مدد کرے گی، دانش سکول کا دائرہ کار بلوچستان تک بڑھایا جا رہا ہے۔

شہبارشریف نے کہابلوچستان کی باصلاحیت افرادی قوت کو یکساں ترقی و روزگار کے مواقع فراہم کریں گے ، معدنی وسائل سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے تاکہ صوبہ ترقی کرے۔