ایکس پرپابندی قومی سلامتی کیلئے لگائی:وزارت داخلہ

اسلام آباد،کراچی: (بیورورپورٹ) ایکس کی بندش کا فیصلہ قومی سلامتی اور امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کےلئے کیا گیا،وزارت داخلہ نے رپورٹ اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرادی ۔

وزرات داخلہ نے موقف اپنایاایکس کی بندش کےخلاف درخواست قانون و حقائق کے منافی ہے، قابل سماعت ہی نہیں، ایکس ملک میںرجسٹرڈ ہے نہ ہی پاکستانی قوانین کی پاسداری کے معاہدے کا شراکت دار ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ایکس کی جانب سے پلیٹ فارم کے غلط استعمال پرحکومتی احکامات کی پاسداری نہیں کی گئی،احکامات کی پاسداری نہ ہونے پر ایکس پر پابندی لگانا ضروری تھا،وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے سائبر کرائم ونگ نے ایکس سے چیف جسٹس کےخلاف پروپیگنڈا کرنےوالے اکاو¿نٹس پر پابندی کی درخواست کی۔

وزارت داخلہ نے کہاایکس حکام نے ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کی درخواست کو نظر انداز کیا، جواب تک نہ دیا، حکام کا عدم تعاون ایکس کےخلاف ریگولیٹری اقدامات بشمول عارضی بندش کا جواز ہے،حکومت کے پاس ایکس کی عارضی بندش کے علاوہ کوئی اور راستہ موجود نہیں، انٹیلی جنس ایجنسیوں کی درخواست پر وزارت داخلہ نے 17 فروری 2024 کو بندش کے احکامات جاری کیے۔

رپورٹ میں کہا گیاشدت پسندانہ نظریات و جھوٹی معلومات کی ترسیل کےلئے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کا بے دریغ استعمال کیا جا رہا ہے،چند شر پسند عناصر کی جانب سے امن و امان کو نقصان پہنچانے، عدم استحکام کو فروغ دینے کےلئے ایکس کو بطور آلہ استعمال کیا جا رہا ہے، ایکس کی بندش کا مقصد آزادی اظہار رائے یا معلومات تک رسائی پر قدغن لگانا نہیں،بندش کا مقصد سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کا قانون کے مطابق ذمہ دارانہ استعمال ہے، وزارت داخلہ شہریوں کی محافظ اور قومی استحکام کی ذمہ دار ہے،ایکس کی بندش آرٹیکل 19 کی خلاف وزری نہیں ۔

دوسری جانب سندھ ہائیکورٹ نے وزارت داخلہ کو سوشل میڈیا ایپلی کیشن ایکس کی بندش کیلئے لکھا گیا خط واپس لینے کا حکم دےدیا،ایکس اور انٹرنیٹ کی بندش کےخلاف درخواست پر سماعت چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے کی،وکیل درخواست گزار نے کہا وزارت داخلہ نے تسلیم کیا ایکس کی بندش کےلئے پی ٹی اے کو خط لکھا لیکن بندش کی وجوہات نہیں بتائی گئیں،چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے استفسار کیا کس وجہ سے ایکس بند کیا گیا؟۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا گزشتہ روز تو ایکس چل رہا تھا،چیف جسٹس نے پوچھا اب بھی ایکس چل رہا ہے یا نہیں؟ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا میں ہدایات لے لیتا ہوں ایکس چل رہا ہے یا نہیں،ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے ایکس کی بندش پروزارت داخلہ کا نوٹیفکیشن پڑھ کر سنایا۔

درخواست گزار کے وکیل نے کہا غلط خبر پر سوشل میڈیا ایپ پر 500 ملین تک کا جرمانہ ہو سکتا ہے، سوشل میڈیا بند کرنے سے پہلے سروس پروائیڈر کو نوٹس جاری کیا جاتا ہے، 4سے 5کروڑ لوگ پاکستان میں ایکس استعمال کرتے ہیں،وی پی این کے ذریعے انٹرنیٹ کی سپیڈ انتہائی کم ہو جاتی ہے، یک جنبش قلم سے ایکس بند کر دیا گیا،ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا ہدایات لینے کےلئے مہلت دی جائے، عدالت نے پوچھا کیوں صرف ایکس کو بند کیا گیا ؟۔

چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے اٹارنی جنرل سے مکالمہ کرتے ہوئے پوچھا ملک آپ کو چلانا ہوتا ہے زمینی حقائق آپ کو پتہ ہیں، ملکی مفاد کا بھی آپ کو پتہ ہے، کچھ چیزیں ہاتھ سے نکلتی جارہی ہیں ،کسی کو فائدہ بھی نہیں ،جج نے کہا ادارے، کورٹس کس کےلئے ہیں؟ لوگوں کےلئے ہیں، لوگ ہیں تو ہم ہیں ایسے عہدوں پر بیٹھتے ہوئے شرم آتی ہے، آئین کی پاسداری اور ملکی مفاد اہم ہے،عدالت نے کہا ایکس کی بندش پر لکھے گئے خط کی وجوہات 9 مئی تک پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا انٹرنیٹ کی بندش سے دنیا ہنستی ہے،ایک ہفتے میں وزارت داخلہ کا خط واپس نہ لیا گیا تو عدالت اپنا حکم جاری کرے گی۔