گورنمنٹ بوائز ہائی سکول کے اطراف بارشی پانی جمع،گزرنا محال

کندیاں: (سعیدعابد) میونسپل کمیٹی کندیاں کی ناقص کارکردگی ،2دن سے گورنمنٹ بوائز ہائی سکول کندیاں کے مین گیٹ اور چاروں اطراف بارشی پانی کی نکاسی نہ ہو سکی جس کی وجہ سے سکول جانے والے طلبا، تدریسی سٹاف اور اہل محلہ کا گلی سے گزرنا محال ہو گیا۔

بارش کی وجہ سے سکول کے اطراف کئی کئی فٹ بارشی پانی جمع ہو جانے سے جہاں اہل محلہ شدید مشکلات کا شکار ہیں وہاں سکول کے بچے بھی گندے پانی سے گذر کر سکول جانے پر مجبور ہو چکے ہیں ،2 دن سے سکول کے ارد گرد بارشی پانی کی نکاسی ممکن نہ ہو سکی، میونسپل کمیٹی کندیاں کا عملہ اپنے فرائض سے یکسر غافل ہو چکا ہے، اہل محلہ اور شہریوں نے ڈی سی میانوالی اور ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی کندیاں سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔