پاکستانی ترقی کیلئے کردار ادا کرینگے،سعودی عرب،پی آئی اے ،ائیرپورٹس کی نجکاری میں جوائنٹ وینچر کی پیشکش

اسلام آباد: (بیورو رپورٹ) پاکستان نے سعودی عرب کو پی آئی اے اور ائیرپورٹس کی نجکاری میں جوائنٹ وینچر کی پیشکش کردی۔ سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہاپاکستان کے دورے سے بہت خوشی ہوئی، آئندہ چند ماہ کے دوران سرمایہ کاری کی طرف پیشرفت ہوگی، پاکستان کی معاشی و اقتصادی ترقی کےلئے کردار ادا کرینگے، پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے کے مواقع موجود ہیں، معاشی ترقی و علاقے کی سکیورٹی کےلئے ملکر کام کریں گے،غزہ کی صورتحال بین الاقوامی قوانین کی ناکامی و ناقابل قبول ہے، فوری سیز فائر ناگزیر ہے۔

وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا، سعودی وفد نے ایپکس کمیٹی سے ملاقات کی، آرمی چیف جنرل عاصم منیر بھی خصوصی طور پر شریک تھے۔ شہباز شریف نے سعودی مہمانوں کا استقبال کیا، کمیٹی نے سعودی وفد کو سرمایہ کاری منصوبوں پر بریفنگ دی۔

ذرائع کے مطابق سعودی وفد کو پی آئی اے، ائیرپورٹس کی نجکاری ،اسلام آباد میں 2 فائیو سٹار ہوٹلزکی نجکاری میں جوائنٹ وینچرکی پیشکش کی گئی، ہوٹلز کیلئے زمین سی ڈی اے کی ہوگی، سرمایہ کاری سعودی حکومت کریگی، وفد کو تجویز دی گئی سعودی حکومت چاہے تو خود ہوٹل بنا کر چلائے، اجلاس میں وفد کو مٹیاری ٹرانسمیشن لائن ،فرسٹ ویمن بینک کی بھی آفر کی گئی، سعودی وفد نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے قیام کو خوش آئند قرار دیا۔

وزیر خارجہ اسحاق ڈارنے کہا پاکستان، سعودی عرب کے تعاون سے بہترین نتائج کی امید ہے، برادرانہ تعلقات کو مضبوط شراکت داری میں بدلنے کی ضرورت ہے،پاکستان سرمایہ کاری کیلئے بہترین مواقع فراہم کریگا۔ سونا، تانبا و دیگر قیمتی معدنیات کے ذخائر ہیں ، مائننگ سیکٹر سے پورا فائدہ نہیں اٹھایا جاسکا، آئی ٹی، کان کنی کے شعبے میں تعاون دونوں ملکوں کےلئے مفید ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا ایس آئی ایف سی یقینی بنائے گی پاکستان میں سرمایہ کاری تیز ترین ہو اور سرمایہ کاری مشترکہ مفاد میں ہو، ایس آئی ایف سی بھی یقینی بنائےگی پاکستان میں غیرملکی سرمایہ کاری پوری سہولت سے ہو۔

اجلاس کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا پاکستان کی معاشی و اقتصادی ترقی کےلئے کردار ادا کریں گے۔ پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں، اہم کام آئندہ چند مہینوں میں ہوگا، باہمی اقتصادی خوشحالی و علاقائی سالمیت کےلئے ملکر کام کرنا جاری رکھیں گے۔

شہزاد فیصل بن فرحان نے کہادورہ وزیراعظم شہباز شریف ، ولی عہد کی ملاقات کا نتیجہ اور انتہائی مثبت رہا ،دونوں ممالک کے درمیان تجارت بڑھائیں گے، ملکر باہمی مفاد حاصل کر سکتے ہیں،سعودی عرب کی جانب سے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں اور پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے جو ہو سکا کریں گے۔

سعودی وزیرخارجہ نے کہا ایس آئی ایف سی پلیٹ فارم پر سرمایہ کاری کیلئے انتہائی سنجیدگی دیکھنے میں آئی، اپنی 35 سالہ سیاسی زندگی میں سعودی عرب سے اتنا بڑا اور اعلی سطح کا وفد پاکستان میں نہیں دیکھا،غزہ کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہاغزہ کی صورتحال مکمل طور پر بین الاقوامی قوانین کی ناکامی اور ناقابل قبول ہے، سیز فائر کی کوششیں ناکافی ہیں، غزہ میں 33 ہزار افراد جاں بحق ہوچکے، قحط کی صورتحال اور فوری سیز فائر کی ضرورت ہے، انسانی امدد غزہ میں نہ پہنچنے دینے کا کوئی جواز نہیں، غزہ کی صورتحال پربین الاقوامی برداری کو زیادہ کردار ادا کرنا ہوگا، معاملہ مذاکرات سے حل ہونا چاہئے طاقت کے زورسے نہیں۔

وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا سعودی وزیر خارجہ کو خوش آمدید کہتے ہیں، وفد کا استقبال کر کے خوشی محسوس ہو رہی ہے، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے مشکور ہیں،پاکستانی حکومت، عوام میں سعودی عرب کا احترام ہے، سعودی عرب کے وفد کو باضابطہ طور پر ایس آئی ایف سی، زراعت، کان کنی اور توانائی شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع سے آگاہ کیا اور مختلف شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا

اسحاق ڈار نے کہا ایس آئی ایف سی پلیٹ فارم کے ذریعے پاکستان سرمایہ کاری بڑھانا چاہتا ہے، پاکستان سرمایہ کاری کا مرکز بننا چاہتا ہے، سرمایہ کاروں کو ون ونڈو سہولت فراہم کریں گے۔ دونوں ممالک نے دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کرلیا، اسحاق ڈار نے کہاغزہ کی صورت حال پر دنیا کا ضمیر جاگنا چاہیے اور غیر مشروط سیز فائر ہونا چاہیے، غزہ میں نسل کشی کے جرائم کا احتساب ہونا چاہیے ،عالمی برادری اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے میں ناکام رہی، خطے میں محاذ آرائی نہیں چاہتے،پاکستان کو مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر بہت تشویش ہے۔

دریں اثنا وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعودوفد کے ہمراہ وزیر اعظم ہاو¿س اسلام آباد پہنچے،وزیر اعظم نے وفد کا پاکستان آمد پر خیرمقدم کیا اور سعودی قیادت، خادم الحرمین شریفین سلمان بن عبدالعزیز آل سعود، شہزادہ محمد بن سلمان آل سعود کیلئے نیک خواہشات کا پیغام دیا۔

شہبازشریف نے کہا پاکستان، سعودی عرب کے مابین دیرینہ برادرانہ تعلقات کی نظیر نہیں ملتی، سعودی عرب نے مشکل وقت میں ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا،عید الفطر کے فوری بعد وفد کا دورہ پاکستان خوش آئند ہے، دورہ پاک سعودیہ سٹریٹجک و تجارتی شراکت داری کے نئے دور کا آغاز ہے۔ وزیراعظم نے کہا دونوں ممالک کے مابین تجارت ،سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے خواہاں ہےں، پاکستان بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ ،برادر ممالک سے شراکت داری کو باہمی طور پر مفید بنانے کیلئے اقدامات اٹھا رہا ہے، سرمایہ کاری بڑھانے پر سعودی قیادت کے مشکور ہےں۔

وزیراعظم نے کہاپاکستانی عوام ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کی منتظر ہےں، شہزاد فیصل بن فرحال آل سعود نے تعلقات کی مضبوطی، تجارتی و سرمایہ کاری شراکت داری کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیر اعظم نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے تمام اداروں کے تعاون ،چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر کے کلیدی کردار پر روشنی ڈالی، ملاقات میں فلسطین کے مقبوضہ علاقوں کی بگڑتی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

علاوہ ازیں صدر مملکت آصف زرداری سے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود نے ملاقات کی، دونوں ممالک نے مضبوط شراکت داری قائم کرنے، اقتصادی تعاون مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا

صدر مملکت نے کہا پاکستان، سعودی عرب کے درمیان دیرینہ و دہائیوں پرانے تعلقات ہیں، پاکستان موجودہ تعلقات کو طویل المدتی تزویراتی و اقتصادی شراکت داری میں بدلنا چاہتا ہے، پاکستانی حکومت ،عوام خادمین حرمین شریفین کیلئے انتہائی احترام کے جذبات رکھتے ہیں، پاکستان سعودی عرب کے ساتھ کھڑا رہیگا، اسلامی دنیا کی خوشحالی سعودی عرب کی ترقی سے وابستہ ہے، آصف زرداری نے سعودی ولی عہد اور وزیر اعظم محمد بن سلمان کی جراتمندانہ، دوراندیش قیادت اور ویژن 2030 کے تحت ہونے والی قابل ذکر پیشرفت کو سراہا، سعودی وزیر خارجہ نے کہاسعودی عرب پاکستان کےساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے ، سعودی عرب پاکستان کےساتھ مضبوط شراکت داری قائم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔