عوام، فوج میں دراڑ ڈالنے کی کوششیں کامیاب نہیں ہونے دینگے،آرمی چیف

راولپنڈی: (بیورورپورٹ) کور کمانڈرز کانفرنس کے شرکا نے بشام میں چینی شہریوں پر بزدلانہ دہشتگرد حملے ، بلوچستان میں معصوم شہریوں کے بہیمانہ قتل ،غزہ میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، جنگی جرائم و نسل کشی کی مذمت ،مشرق وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے اگر فریقین نے فوری کشیدگی کو کم نہ کیا تو وسیع علاقائی تنازعہ جنم لے سکتا ہے ،پاک فو ج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے کمانڈرز کو ہدایت کی دہشتگردوں کو کسی بھی جگہ سے فعال نہ ہونے دیں،مسلح افواج ،قانون نافذ کرنےوالے اداروں کو پوری قوم کی حمایت حاصل ہے،دہشتگردی کے خطرے کو مستقل طور پر ختم کرنے کےلئے پرعزم ہیں۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نشان ِ امتیاز (ملٹری) کی زیر صدارت 264ویں کور کمانڈر ز کانفرنس ہوئی،شرکا نے ملک میں امن واستحکام کیلئے جانوں کانذرانہ پیش کرنے والے مسلح افواج کے افسروں، جوانوں، قانون نافذ کرنےوالے اداروں اور شہریوں سمیت شہدا کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

آرمی چیف نے انسداد دہشتگردی کےخلاف جاری آپریشنز کے دوران متعدد دہشتگرد حملوں کو کامیابی سے ناکام بنانے اور اہم دہشتگرد سرغنہ کو جہنم واصل کرنے میں پاک فوج ،قانون نافذ کرنےوالے اداروں کی انتھک کوششوں کو سراہا۔

جنرل سید عاصم منیر نے کمانڈرز کو ہدایت کی دہشتگردوں کو کسی بھی جگہ سے فعال نہ ہونے دیں،مسلح افواج ،قانون نافذ کرنےوالے اداروں کو پوری قوم کی حمایت حاصل ہے،دہشتگردی کے خطرے کو مستقل طور پر ختم کرنے کےلئے پرعزم ہیں،فورم نے بشام میں چینی شہریوں پر بزدلانہ دہشتگرد حملے اور بلوچستان میں معصوم شہریوں کے بہیمانہ قتل کی مذمت کی۔

فورم کو بریفنگ دی گئی کس طرح افغانستان سے سرگرم دہشتگرد گروہ علاقائی و عالمی سلامتی کےلئے خطرہ ہیں،دہشتگرد گروہ پاکستان واقتصادی مفادات بالخصوص چین پاکستان اقتصادی راہداری(CPEC) کےخلاف پراکسی کے طور پر کام کر رہے ہیں۔

کور کمانڈرز کانفرنس نے غیر قانونی طور پرمقبوضہ جموں و کشمیرمیں جاری بھارتی جارحیت پر شدید تشویش کا اظہارکرتے ہوئے اعادہ کیا پاکستان کشمیری بہن بھائیوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا،فورم نے فلسطینی عوام کےساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے غزہ میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، جنگی جرائم ،نسل کشی کی مذمت کی۔

فورم نے مشرق وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی پر بھی تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہا اگر فریقین نے فوری طور پر کشیدگی کو کم نہ کیا تو وسیع علاقائی تنازعہ جنم لے سکتا ہے،شرکا نے مسلح افواج کی حوصلہ شکنی کےلئے بدنیتی پر مبنی پروپیگنڈا مہم پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاقانون نافذ کرنےوالے اداروں ،سکیورٹی فورسز پر بے بنیاد الزامات وطیرہ بن چکا ،بے بنیاد الزامات کا مقصد عوام اور مسلح افواج کے درمیان دراڑ ڈالنے کی کوشش ہے ایسی کوششوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے ،آئین کے مطابق سخت کارروائی کو یقینی بنایا جائے گا۔

کانفرنس نے ملک میں پائیدار سماجی و اقتصادی ترقی کے حصول ،غیر قانونی سپیکٹرم، بالخصوص سمگلنگ، ذخیرہ اندوزی، بجلی چوری اور تمام غیر قانونی تارکین کی محفوظ وطن واپسی کےخلاف حکومت کو بھرپور تعاون فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا، آرمی چیف نے فیلڈ کمانڈرز کو ہدایت کی آپریشنل تیاری و مورال کے اعلیٰ ترین معیار کو یقینی بنائیں اور تربیت کے اعلیٰ معیار کے ذریعے پیشہ وارانہ مہارت حاصل کریں۔