پنجاب پولیس ڈاکوﺅں، دہشت گردوں ،شر پسند وںکیلئے خوف کی علامت ہے:آئی جی
لاہور( کرائم رپورٹر)آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان اشرف نے کہاہے کہ گینگز، ڈاکوﺅں، شرپسندوں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کا دائرہ کار وسیع کیا جا رہا ہے، پنجاب پولیس کچہ ایریاز اور سرحدی اضلاع میں ڈاکوﺅں، دہشت گردوں اورشر پسند عناصر کیلئے خوف کی علامت ہے۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب، ڈی جی خان اور بہاولپور رینجز کے آر پی اوز، ڈی پی اوز نے شرکت کی ۔اجلاس میںکچہ و بارڈر ایریاز میں پنجاب پولیس کی آپریشنل کارکردگی مزید موثر بنانے کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ راجن پور، رحیم یار خان، مظفر گڑھ سمیت سرحدی اضلاع میں ڈاکوﺅں، جرائم پیشہ افراد کے خلاف بھرپور کریک ڈاﺅن جاری ہے، سرحدی اضلاع میں پنجاب پولیس کو ہیومن ریسورس، ٹرانسپورٹ، لاجسٹکس کی مد میں مزید مضبوط بنایا جائیگا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے راجن پور اوررحیم یار خان میں 20 نئی چوکیوں کی تعمیر کا کام جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بین الصوبائی سرحدی علاقوں میں سمگلنگ، ذخیرہ اندوزی، روکنے کیلئے موثر حکمت عملی تشکیل دے رہے ہیں۔سرحدی اضلاع میں دہشت گردوں کی سرکوبی کیلئے پنجاب پولیس کو نئی اے پی سی، تھرمل کیمرے، نائٹ ویژن گوگلز و دوربین، کوارڈ کاپٹر دئیے جائیں گے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ ڈاکوﺅں، شرپسندوں کی خفیہ پناہ گاہوں تک رسائی، آپریشنز میں کوارڈ کاپٹرز کا استعمال یقینی بنایا جائے۔ اجلاس میں بہاولپور اور ڈی جی خان رینج کے آر پی اوز اور ڈی پی اوز نے جاری کارروائیوں، وسائل اور انفراسٹرکچر بارے بریفنگ دی گئی ۔ دریں اثناءآئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر پولیس ملازمین کی ہیلتھ ویلفیئر کیلئے اقدامات جاری ہیں ، دوران ڈیوٹی زخمی ہونے والے 5 اہلکاروں کے علاج معالجے کیلئے مزید 39لاکھ روپے جاری کر دیئے گئے ۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق رحیم یار خان کے ڈرائیور کانسٹیبل سرور کو طبی اخراجات کیلئے 15لاکھ روپے دئیے گئے، فیصل آباد کے زخمی غازی شکیل کو طبی اخراجات کیلئے 10لاکھ روپے جاری، رحیم یار خان کے زخمی کانسٹیبل آصف کو علاج معالجے کیلئے 10لاکھ روپے دئیے گئے، بہاولنگر کے زخمی کانسٹیبل گلاب علی کو طبی اخراجات کیلئے اڑھائی لاکھ روپے جاری، خانیوال کے زخمی ٹی ایس آئی ذیشان الٰہی کو علاج معالجے کیلئے ڈیڑھ لاکھ روپے جاری کئے گئے ۔ آئی جی پنجاب کو ویلفیئر برانچ کی کمپنسیشن ایوارڈ کمیٹی نے فنڈز اجرا کیلئے کیس بھجوائے تھے۔



















