گوجرانوالہ، پولیس کا حویلی احمد نگر کا گھیراﺅ، سابق سپیکر قومی اسمبلی اہل خانہ سمیت گھر میں محصور

احمد نگر چٹھہ(نامہ نگار)پولیس کا حویلی احمد نگر کا گھیراﺅ، آمدورفت کے تمام دروازے بند، سابق سپیکر قومی اسمبلی فیملی سمیت گھر میں محصور کارکنان کا شدید احتجاج، مسلم لیگ (ن) کی طرف سے اوچھے ہتھکنڈے کی شدید مذمت کرتے ہیں، چوہدری حامد ناصر چٹھہ کا موقف۔ علاقہ میں شہری شدید خوف و ہراس ،تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات ایس ایس پی آپریشنز گوجرانوالہ،ایس پی صدر ،ڈی ایس پیز سمیت ایلیٹ فورس اور پنجاب پولیس کے جوانوں جن کی تعداد 100 سے زیادہ بتائی جاتی ہے، رات 12 بجے کے بعد حویلی کا گھیراﺅ کر لیا اور تمام بیرونی دروازوں پر گاڑیاں کھڑی کرکے مکمل بلاک کر دیا گیا جس کی وجہ سے حویلی میں موجود سابق سپیکر قومی اسمبلی چوہدری حامد ناصر چٹھہ اور انکی فیملی حویلی میں مکمل محصور ہو گئی، ریڈ کی خبر سنتے ہی کارکنوں کی کثیر تعداد بھی پہنچ گئی اور انہوں نے واقعہ پر شدید مذمت کرتے ہوئے غم و غصے کا اظہار کیا۔ پولیس کے موقف کے مطابق محمد احمد چٹھہ اور فیاض چٹھہ کی طرف سے ریلی کی اطلاع تھی جس پر کارروائی عمل میں لائی گئی، سابق سپیکر قومی اسمبلی چوہدری حامد ناصر چٹھہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فیاض چٹھہ کی یقینی کامیابی پر پنجاب گورنمنٹ اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر چکی ہے، پہلے ہمارے پانچ ہزار کے ووٹرں کو لسٹ سے غائب کروایا اور پولنگ اسٹیشن تک تبدیل کرتے ہوئے دور دراز یونین کونسل میں شامل کئے گئے۔ اب پولیس کی مدد سے ہماری رہائش گاہ کو مکمل بند کروا کہ بدترین دہشت گردی کی جا رہی ہے، محمد احمد چٹھہ نے تمام کیسوں میں ضمانت لے رکھی ہے پولیس کی طرف سے ریڈ صرف الیکشن کمپین روکنے اور ہراساں کرنے کیلئے ہے۔ اس موقع پر فیاض چٹھہ نے کہا کارکنان متحد رہیں اور صبر کا دامن نہ چھوڑیں مخالفین بد ترین شکست کا شکار ہو چکے ہیں اور ناکامی کی آخری سانسیں لے رہے ہیں عوام 21 تاریخ کو ہر صورت باہر نکلے اور اس بدترین جارحیت کا ووٹ کی پرچی کے ذریعے منہ توڑ جواب دیگی۔