ریلوے انتظامیہ حادثات کی روک تھام میں مسلسل ناکام ،حفاظتی اقدامات زبانی جمع تفریق تک محدود

لاہور (اپنے نمائندے سے) ریلویز انتظامیہ کی نااہلی، مسافر اور گڈز ٹرینوں کو حادثات سے محفوظ رکھنے کیلئے عملی اقدامات کرنے میں منصوبہ بندی کا فقدان، محکمہ مالی نقصان کے ساتھ انسانی جانوں کے ضیاع کی روک تھام میں مسلسل ناکام، سی ای او ریلویز کی حکمت عملی زبانی جمع تفریق تک محدود ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان ریلویز انتظامیہ محکمہ کی بہتری کی خاطر عملی اقدامات کرنے میں عملی اقدامات کرنے کی بجائے رپورٹس کی حد تک محدود ہے۔ مسافروں کو سستی سفری سہولیات کے وسائل کا خاتمہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ مسافر ٹرینوں کی کراچی اور لاہور سے دیگر شہروں میں روانگی اور آمد کو بروقت کرنے میں مکمل طور پر ناکام دکھائی دے رہی ہے۔ شہریوں کی جان و مال کو تحفظ فراہم کرنے کی بجائے زبانی جمع تفریق تک منصوبہ بندی محدود ہے۔ عید کے ایام میں نجی انتظامیہ کے زیر سرپرست چلنے والی مسافر ٹرینوں میں سفر کرنے والے مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اس پر کارروائی کرنے کی بجائے مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔ نئے سی ای او کی تعیناتی کے ابتدا میں ہی مسافروں کو ریلیف کی بجائے مسائل کا شکار کیا گیا ہے سی ای او کا تعلق بلوچستان سے ہے لیکن کوئٹہ سے مختلف شہروں میں جانے والی مسافر اور گڈز ٹرینوں کو حادثات سے محفوظ رکھنے کی خاطر کسی قسم کی حکمت عملی اختیار نہیں کی جا سکی جس کے نتیجہ میں گزشتہ روززاہدان کوئٹہ کے درمیان چلنے والی گڈز ٹرین تافتان اورنوکنڈی کے درمیان حادثےکا شکار ہوئی انجن پٹڑی سے اتر کرالٹ گیا ریسٹ وین اور لوڈڈ ویگن بھی پٹڑی سے اتر کرالٹ گئی جو کہ ریلویز انتظامیہ کی نا اہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ٹریک کی بہتر ی اور حادثات کی روک تھام کی خاطر ہر دور میں سیاسی شخصیات اور ریلویز افسران کی جانب سے منصوبہ بندی کا فقدان دیکھنے میں آیا ہے۔ ریلویز انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سیاسی حکمرانوں کے تمام تر صحیح اور غلط فیصلوں کو تسلیم کرنا پڑتا ہے، اسکے بغیر نوکری کرنا مشکل ہے۔ ریلویز انتظامیہ کی طرف سے تاحال گڈز اور مسافر ٹرینوں کو حادثات سے محفوظ کرنا مشکل ہی نہیں نا ممکن ہو چکا ہے جس کے نتیجہ میں ریلویز کو مالی اور مسافر وں کو جانی نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ٹرین حادثات پر ریلویز انتظامیہ کی جانب سے فی الفور کارکردگی دکھانے کی خاطر انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی جاتی ہے جو کمیٹی بعد میں فائلز کے اندر گم ہو جاتی ہے اور ٹرین حادثات کی وجوہات کی بنیاد تک پہنچنے کی خاطر حکمت عملی بنانے کی بجائے معاملات کو مکمل طور پر نظر انداز کرنے کی منصوبہ بندی اختیار کی جا رہی ہے۔ ریلویز ترجمان کا کہنا ہے کہ ، انجن ڈی ریل ہوا جس وجہ سے حادثہ ہوا مالی نقصان کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے۔ ابھی کوئی بات حتمی نہیں کہی جا سکتی ۔