پاکپتن:پولیس کی فائرنگ سے فرسٹ ایئر کا طالبعلم جاں بحق، ورثا سراپا احتجاج
پاکپتن:(اختر شاہ کھگہ)عید کیلئے بال کٹوانے جاتے فرسٹ ائیر کے طالب علم کو پولیس نے مبینہ طور پر پکڑ کر ماردیا، ماں پر غشی کے دورے ورثاءسراپا احتجاج، مظاہرین نے ساہیوال، لاہور، ملتان جانیوالی شاہراہ کو ٹریفک کیلئے بند کردیا۔
ورثا نے احتجاج کرتے ہوئے کہا فرسٹ ائیر کا طالب علم وقار مشتاق بال کٹوا کر گھر آ رہا تھا کہ جمال چوک کے قریب پولیس نے گاڑی سے ٹکر مار کر موٹر سائیکل کر گرا دیا اور فائرنگ کر کے نوجوان کو شدید زخمی کر دیا جو ہسپتال میں جاں بحق ہوگیا۔
بچے کی ماں نے دہائی دیتے ہوئے کہا میرے بیٹے کو پکڑ کر ناجائز مارا گیا ہے پولیس قاتل ہے، عید پر پولیس نے میرا گھر اجاڑ دیا، میرا جوان بیٹا مجھے واپس کیا جائے، مظاہرین نے ساہیوال، لاہور، ملتان جانیوالی شاہراہ کو ٹریفک کیلئے بند کردیاجس سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں ، نوجوان کے مبینہ قتل پر اہل علاقہ میں بھی شدید اضطراب پایا جاتا ہے۔
و رثا،اہل علاقہ نے چیف جسٹس ،وزیراعظم، وزیر اعلیٰ اور آئی جی پنجاب سے انصاف دینے اور پولیس افسروں پر مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کردیا، پولیس موقف کے مطابق ملزم واردات کرکے فرار ہورہے تھے اطلاع پر تعاقب کیا تو پر فائرنگ کردی، مضروب ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہوا ،ہسپتال منتقل کیا جانبر نہ ہوسکا۔

















