وزیر اعظم سے استنبول ائیر پورٹ کے وفد کی ملاقات، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پر اتفاق
اسلام آباد (بیورورپورٹ) وزیر اعظم شہباز شریف سے استنبول گرینڈ ائیر پورٹ (آئی جی اے) کے وفد نے ملاقات کی اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پر اتفاق کیا،وفد میں آئی جی اے بورڈ ممبر محمت کالیو نجو ، چیف ایئر پورٹ آپریٹنگ افسر اسماعیل پولات اور چیف کارپوریٹ افیئرز افسر ترگئے یمان شامل تھے، ملاقات میں ترکیہ کے لاہور میں تعینات قونصل جنرل درمش باستوع اور ترکیہ سفارتی عملے کے دیگر ارکان بھی موجود تھے، اس کے علاوہ ملاقات میں وفاقی وزیردفاع و ہوا بازی خواجہ آصف ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران بھی شریک تھے،وزیراعظم نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا پاکستان تیزی سے معاشی استحکام کی جانب گامزن ہے، پاکستان پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پر انحصار بڑھا رہا ہے، ہم دنیا بھر کے کاروباری افراد اور سرمایہ کاروں کو خوش آمدید کہتے ہیں، ہم خاص طور پر برادر ملک ترکیہ سے سرمایہ کاری اور شراکت داری کو فروغ دینے کے خواہاں ہیں، ہم اسلام آباد، کراچی اور لاہور کے ہوائی اڈوں پر مسافروں کےلئے دستیاب سہولیات کو بڑھانے اور مزید بہتر کرنے کےلئے اقدامات اٹھا رہے ہیں، شہباز شریف نے کہا پاکستان سب سے پہلے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے کچھ کمرشل آپریشنز کو آوٹ سورس کرنے کی پیشکش کر رہا ہے، ائیر پورٹ آوٹ سورسنگ کے تمام مراحل میں شفافیت ہماری اولین ترجیح ہو گی،وزیر اعظم نے مزید کہا پاکستان میں شہری ترقی (urban developmen) کے شعبے میں سرمایہ کاری اور شراکت داری کی بڑی گنجائش ہے، پاکستان اور ترکیہ دو برادر ممالک ہیں جن کے باہمی تعلقات وقت کےساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں، دونوں ممالک کے درمیان کاروباری شراکت داری بڑھانے کا یہی مناسب وقت ہے۔

















