یتیم بچوں کو افطار ڈنر،دہشتگردی کیخلاف جنگ جاری رکھیں گے،وزیر اعظم

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)وزیر اعظم شہباز شریف نے تمام سکیورٹی اداروں کو چینی باشندوں کی سکیورٹی فول پروف بنانے کیلئے اقدامات اٹھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے دہشتگردی کے خاتمے تک جنگ جاری رکھیں گے۔

وزیر اعظم کی زیر صدارت ملک میں امن و امان کی صورتحال پر اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا،خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہبازشریف نے کہا دہشتگردی عفریت کے ملک سے خاتمے تک جنگ جاری رکھیں گے،وزارت داخلہ دہشتگردی کے خاتمے و صوبائی انسداد دہشتگردی محکمہ جات کی مزید بہتری کیلئے صوبوں سے تعاون بڑھائے۔

شہبازشریف نے ملکی سلامتی و چینی باشندوں کی سکیورٹی کے معاملات کا ہر ماہ خود جائزہ لینے کا فیصلہ کرتے ہوئے تمام سکیورٹی اداروں کو چینی باشندوں کی سکیورٹی کو فول پروف بنانے کیلئے اقدامات اورسکیورٹی ایس او پیز کے باقاعدگی سے آڈٹ کیلئے جامع لائحہ عمل بنانے کی ہدایت کردی۔

دریں اثنا وزیراعظم شہبازشریف نے خصوصی صلاحیتوں کے مالک اور والدین کی نعمت سے محروم بچوں کے اعزاز میں افطار ڈنر دیا،گپ شپ لگانے کےساتھ حوصلہ بڑھایا،تحائف دئیے۔

افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہاخصوصی اور والدین کی نعمت سے محروم بچے بے پناہ صلاحیتوں کے مالک ہیں، تمام بچے اعلیٰ تعلیم حاصل کرکے ملک کی بھرپور خدمت کریں گے، معیاری تعلیم کی فراہمی کیلئے دور دراز علاقوں میں دانش سکول قائم کئے جائیں گے، عوام کو علاج کی بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے اسلام آباد، بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان میں جدید ہسپتال بنائیں گے۔

وزیراعظم نے کہاماں باپ کا سر پر سایہ نہ ہونا بہت بڑی محرومی ہے،دانش سکولوں میں کھانا، کتابیں فری مہیا کی جائیں گی آپ عظیم پاکستانی بنیں گے اور دنیا میں اپنی قابلیت کا لوہا منوائیں گے۔

علاوہ ازیں اپنے بیان میںوزیر اعظم شہباز شریف نے سرائیلی جارحیت اور ظلم و جبر کی مذمت کرتے ہوئے کہااسرائیل غاصبانہ قبضے کو قائم رکھنے کےلئے بین الاقوامی قوانین و انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے ،پوری پاکستانی قوم صہیونی جارحیت ،ظلم و جبر کی مذمت کرتی ہے اور اپنے نہتے فلسطینی بہن بھائیوں کےساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا 7 دہائیوں سے اسرائیل فلسطین ،بیت المقدس پر ناجائز و غیر قانونی طور پر قابض ہے، عالمی برادری خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہی ہے، غزہ میں ہسپتالوں ،پناہ گزین کیمپوں اور بچوں کے سکولوں کو دانستہ طور پر نشانہ بنایا گیا ،مظلوم فلسطینیوں تک امدادی اشیا کی رسائی بھی روکی گئی،شہباز شریف نے کہا عالمی برادری فلسطینیوں کےخلاف ظلم وجبر روکنے کیلئے اسرائیل پر دباو ڈالے، پاکستان آزاد فلسطینی ریاست کے قیام، فلسطینی بہن بھائیوں کی اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔