ججز کے خط پر سپریم کورٹ کاکمیشن بنایاجائے،پاکستان بار کونسل

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)پاکستان بار کونسل نے کہاہے ججز کے خط پر سپریم کورٹ کاکمیشن بنایاجائے،جسٹس قاضی،عامر فاروق کے استعفے کامطالبہ نامناسب ہے۔

ججزخط کے معاملے پر پاکستان بار کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا،پاکستان بار نے سپریم کورٹ کے حاضر سروس ججز پر مشتمل کمیشن بنانے کامطالبہ کرتے ہوئے کہاججز کو قوم میں سب سے زیادہ عزت دی جاتی ہے، ججز مقدمات کا فیصلہ کرنے کی اہم ذمے داری نبھاتے ہیں،ججوں نے خود ہی خدشات اٹھائے لہٰذا سچائی کو ظاہر کرنے کےلئے کسی بیرونی مداخلت سے پاک و غیر جانبدارانہ تحقیقات بہت ضروری ہے۔

اعلامیے میں کہا گیاچیف جسٹس سپریم کورٹ اور چیف جسٹس ہائیکورٹ کے استعفے کا مطالبہ نامناسب ہے ایسے مطالبات عدلیہ کی آزادی کو نیچا دکھانے کے مترادف ہیں،استعفے کا مطالبہ کرنے والے عدلیہ میں تقسیم چاہتے ہیں، مطالبے کی پر زور مذمت کرتے ہیں، استعفے سے معاملات حل نہیں بلکہ مزید خراب ہوں گے۔

دوسری جانب ججز خط پر سوموٹو کیس کی سماعت کیلئے فل کورٹ تشکیل دینے کی درخواست دائر کر دی گئی،صدر سپریم کورٹ بار عابد زبیری سمیت 5وکلا کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیاانتظامیہ ،خفیہ اداروں کو عدلیہ میں مداخلت سے روکا جائے، معاملے کی بھرپور تحقیقات کی ضرورت ہے۔