آرمی چیف کی ملاقات،صدر کافوج کیخلاف سیاسی جماعت کے الزامات پر اظہار تشویش

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)صدر مملکت آصف زرداری سے چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے ملاقات کی ، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے پاکستان کے صدر اورمسلح افواج کے کمانڈر کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اورکامیاب مدت کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

آرمی چیف نے صدر مملکت کو دہشتگردی کےخلاف جاری فوجی آپریشنز ،بلوچستان ،خیبرپختونخوا کے علاقوں سمیت ترقیاتی منصوبوں میں فوج کے کردار سے آگاہ کیا ،روایتی خطرات کےخلاف آپریشنل تیاریوں پر بھی روشنی ڈالی۔

صدر آصف زرداری نے مسلح افواج کے مثالی کردار کو سراہتے ہوئے کہاریاست کی خودمختاری و علاقائی سالمیت کے تحفظ میں فوج کی خدمات کلیدی حیثیت کی حامل رہی ہیں،متاثرہ علاقوں کی سماجی ترقی کےلئے فوج کی کاوشیں بھی قابل تحسین ہیں۔

آصف زرداری نے دہشتگردی کےخلاف پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے قومی طاقت کے تمام عناصر کے ذریعے دہشتگردی کا بھرپور جواب دینے کے عزم کا اظہار کیا ،صدر مملکت نے مخصوص سیاسی جماعت اور چند افراد کی جانب سے ادارے وقیادت کےخلاف محدود سیاسی مفادات کے حصول کیلئے لگائے گئے بے بنیاد و بلاجواز الزامات پر شدید تشویش کا اظہار کیا اوررخنہ ڈالنے والے عناصر سے آہنی ہاتھوں نمٹنے کے عزم کا اظہار کیا۔

صدر مملکت نے کہاشہدا کا خون ہمیشہ پاکستانی قوم کی استقامت اور طاقت کی علامت رہے گا،ملاقات میں پاکستان میں امن، سلامتی اور ترقی کی اقدار برقرار رکھنے کیلئے یکجہتی اور عزم کا بھی اظہار کیا گیا۔

دریں اثنا صدر مملکت آصف زرداری سے سنگاپور میں پاکستان کی نامزد ہائی کمشنر رابعہ شفیق نے ملاقات کی ،آصف علی زرداری نے رابعہ شفیق کو بطور پاکستانی ہائی کمشنر تعیناتی پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا، صدر مملکت نے کہا نامزد ہائی کمشنر کاروباری اداروں کے ساتھ تجارتی اور کاروباری روابط کے فروغ کےلئے کام کریں، سنگاپور کے کاروباری اداروں کو پاکستان کی سرمایہ کاری دوست پالیسیوں سے فائدہ اٹھانے کی ترغیب دینے کی ضرورت ہے،صدر مملکت نے سنگاپور میں پاکستانی خوراک، زرعی مصنوعات کی برآمدات کے مواقع تلاش کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا پاکستان پراسیسڈ خوراک اور سی فوڈ میں سنگاپور کےلئے پائیدار رسد کا ذریعہ بن سکتا ہے۔