عمران خان کیلئے جیل میں 7 سیل مختص، ماہانہ سکیورٹی خرچہ 12 لاکھ

لاہور :(کورٹ رپورٹر)عمران خان کیلئے جیل میں 7 سیل مختص، ماہانہ سکیورٹی خرچہ 12 لاکھ ، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے تفصیلات عدالت میں پیش کردیں۔

لاہور ہائیکورٹ میں بانی پی ٹی آٹی کو جیل میں مکمل سکیورٹی فراہم کرنے کےلئے دائر درخواست پر سماعت ہوئی، لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس ملک شہزاد احمد خان نے تحریک انصاف لائرز فورم کے صدر افضال عظیم پاہٹ کی جانب سے دائر کی گئی درخواست پر سماعت کی،درخواست میں موقف اختیار کیا گیا جیل حکام نے سکیورٹی خدشات کے باعث بانی پی ٹی آئی کی ملاقاتوں پر پابندی لگا رکھی ہے، بانی پی ٹی آئی کی زندگی کو جیل میں خطرہ ہے، سابق وزیراعظم کی زندگی کو مکمل تحفظ فراہم کرنے کا حکم دیا جائے۔

دوران سماعت وکیل درخواست گزار نے کہا ایڈووکیٹ جنرل صاحب نے گریس کا مظاہرہ کیا تھا کہ وہ اس معاملے پر اپڈیٹ دیں گے جس پر ایڈووکیٹ جنرل نے عدالت کو بتایا کہ میں نے معلومات اکھٹی کی ہیں اور میں معلومات لے کر آیا ہوں،ایڈووکیٹ جنرل نے کہابانی پی ٹی آئی کو ایک سیل میں رکھا گیا ،اردگرد 6 سیل بھی مختص ہیں، بانی پی ٹی آئی کےلئے 7 سیل مختص کر رکھے ہیں، اڈیالہ جیل میں 10 افراد کےلئے ایک سکیورٹی اہلکار ہے مگر بانی پی ٹی آئی کے لیے ہم نے 14 سکیورٹی اہلکاروں کو تعینات کر رکھا ہے، سابق وزیراعظم کا کھانا ایک سپیشل کچن سے جاتا ہے، اس کچن میں کسی اور کے لیے کچھ نہیں بنتااس پر وکیل بانی پی ٹی آئی نے کہا ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے جو کچھ بتایا ہے ہم تو خوش ہو گئے ہیں۔

ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے کہا بانی پی ٹی آئی کے لیے ہم نے سی سی ٹی وی کیمرے بھی لگوائے ہیں، کیمرے لگانے پر 5 لاکھ روپے کا خرچہ آیا ہے، بانی پی ٹی آئی پر ماہانہ 12 لاکھ روپے کا خرچ آ رہا ہے،اس پر پی ٹی آئی وکیل اسد منظور نے کہا بانی پی ٹی آئی سے تو ملنے ہی نہیں دیا جاتا، ان کی زوجہ نے اس حوالے سے درخواست دائر کر رکھی ہے۔

چیف جسٹس ملک شہزاد احمد خان نے ریمارکس دیئے شاہ سے زیادہ شاہ کا وفادار بننے کی ضرورت نہیں، یہ بڑا اہم معاملہ ہے، ہم اس میں ہر کسی کو اجازت نہیں دے سکتے،درخواست گزار افضال پاہٹ صاحب کی عزت کرتے ہیں، پورے پاکستان میں پی ٹی آئی کے دلدار ہیں، پارٹیوں میں پتہ نہیں کون کون لوگ ہوتے ہیں۔

بعدازاں عدالت نے بانی پی ٹی آٹی کو جیل میں مکمل سکیورٹی فراہم کرنے کےلئے دائر درخواست پر مزید سماعت عید کے بعد تک ملتوی کردی۔