چنیوٹ:عمر حیات محل خستہ حالی کا شکار ،بالائی منزل گرنے لگی

چنیوٹ :( رانا وقاص احمد کاوش) چنیوٹ کا قدیم ثقافتی ورثہ عمر حیات محل محکمہ آثار قدیمہ اور حکومت پنجاب کی عدم دلچسپی کے باعث خستہ حالی کا شکار ،بالائی منزل گرنے لگی ،مناسب دیکھ بھال نہ ہونے کی وجہ سے باقی ماندہ عمارت وقت کے ساتھ ساتھ زمین بوس ہو رہی ہے جبکہ دیواریں، چھتیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گئی ہیں ۔

فرنیچر کے ماہر کاریگروں کے ہاتھوں سے تراشیدہ مکمل طور پر لکڑی سے بنایا گیا خوبصورت محل جسے عمر حیات محل کہا جاتا ہے مناسب دیکھ بھال نہ ہونے کی وجہ سے زمین بوس ہو رہا ہے اور اس کی خوبصورتی ماند پڑ رہی ہے جس پر محکمہ آثار قدیمہ متعلقہ ضلعی افسران اور حکومت کی مجرمانہ خاموشی و غفلت بہت بڑا سوالیہ نشان ہے۔

1937 میں چنیوٹ کے علاقہ محلہ ریختی میں تاریخی ثقافتی قدیمی عمر حیات محل حکومتی عدم توجہ کے باعث ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے لکڑی سے تیار شدہ یہ ثقافتی محل اندرون و بیرون شہروں سے آنے والے سیاحوں کا مرکز ہے مگر عمر حیات محل پر عدم توجہی اور خستہ حالی کی وجہ سے یہ عمارت کا حسن ماند پڑ رہا ہے جس کے باعث بیرون ممالک و اندرون شہروں سے آنے والے لوگوں نے اس مقام کا رخ اختیار کرنا چھوڑدیا ہے تاریخی عمر حیات محل کے تمام کمروں کی چھتیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں جبکہ عمر حیات محل کی دیواروں میں بڑی بڑی دراڑیں پڑ چکی ہیں جو کہ کسی بھی وقت کسی بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہیں۔