سرگودھا، نشے کے عادی تاجر کی 2 کمسن بیٹیوں کو قتل کرکے خودکشی ،فائرنگ سے ایک لڑکی شدید زخمی

سرگودھا(ڈسٹرکٹ رپورٹر) سرگودھا میں مطلقہ بیوی سے بچیوں کی واپسی میں ناکام نشے کے عادی 46 سالہ تاجر نے فائرنگ کر کے اپنی دو بیٹیوں کو قتل اور ایک بیٹی کو شدیدزخمی کر کے خودکشی کر لی۔ نعشوں اورزخمی بچی کو ہسپتال منتقل کر کے پولیس مصروف تفتیش ہے۔ ذرائع کے مطابق سرگودھا کے قصبہ بھیرہ کے محلہ شیخانوالہ میں نشے کے عادی موبائل کے کاروباری 46 سالہ تاجر مدثر اقبال کی شادی محلہ شیش محل کی خاتون سے ہوئی تاہم گھریلو ناچاقی کی بناءپر چار بچوں کی ماں کو 2018 میں اکلوتا لڑکا چھین کر طلاق دیدی تھی تاہم بعد میں وہ اپنی تینوں بیٹیوں کی واپسی کا تقاضا کر رہا تھا جن کو لینے گیا تو مطلقہ بیوی نے بچیوں کو دینے سے انکار کر دیا جس پر مدثر اقبال نے تینوں بیٹیوں کو ملنے کے بہانے گھر سے لایا اور بیٹیوں پر فائرنگ کردی جس سے پانچویں جماعت میں فرسٹ پوزیشن حاصل کرنیوالی 8 سالہ مناہل موقع پر جبکہ 11 سالہ روحامہ نور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہسپتال میں دم توڑ گئی جبکہ 13 سالہ بسمہ ربی کو تشویشناک حالت میں ڈی ایچ کیو ٹیچنگ سرگودھا ریفر کر دیا گیا۔ بعدازاں ملزم مدثر اقبال نے خود کو بھی گولی مار کر اپنی زندگی کا خاتمہ بھی کرلیا۔ پولیس نے نعشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کرکے واقعہ کی تفتیش شروع کردی ہے۔