سابقہ دور حکومت میں مہنگائی کو کنٹرول، معیشت کو درست ٹریک پر گامزن کیا: رانا تنویر

شیخوپورہ (بیورو رپورٹ) وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار رانا تنویر نے کہا ہے کہ عوام کی سہولت کیلئے رمضان پیکیج 6 ارب سے بڑھا کر ساڑھے 12 ارب کردیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شیخوپورہ میں یوٹیلیٹی سٹور کے دورہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا - وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ حکومت مہنگائی کے خاتمے اور عوام کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام اقدامات بروئے کار لا رہی ہے،رمضان پیکج میں اضافے سے عوام کو بہت فائدہ پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف وزیر اعلی پنجاب مریم نواز اور دن رات ایک کرکے عوام کو ریلیف دینے میں مصروف عمل ہیں- وفاقی وزیر نے کہا کہ مہنگائی ہمیں وراثت میں ملی ہے، ہم نے سابقہ دور حکومت میں مہنگائی کو کنٹرول کیا، اور معیشت کو درست ٹریک پر گامزن کیا، لیکن 2018 میں ایک نالائق نے ملکی معیشت کا جنازہ نکال کر رکھ دیا اور ملک قرضوں کے بوجھ تلے دب گیا - وفاقی وزیر نے کہا کہ کابینہ کے اجلاس میں وزیراعظم اعظم محمد نواز شریف نے تمام کابینہ ارکان کو اپنی اپنی وزارت میں اصلاحات اور بہتری کے لیے اہداف دئیے ہیں اور خود ہر وزارت کی کارکردگی کو خود جانچنے کا عندیہ دیا ہے - انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی ہدایات پر حکومت نے کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی ہے ، بدعنوانی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا, ہماری کوشش ہے پھر سے پہلے کی طرح ملکی معیشت مستحکم ہو- انہوں نے کہا کہ یوٹیلیٹی سٹورز پر معیاری اشیا خوردونوش کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے -ایک فلور مل کو غیر معیاری آٹے کی فراہمی پر بلیک لسٹ کیا گیا ہے-انہوں نے کہا کہ حکومتی اقدامات سے ہر شعبے میں بہتری آرہی یے،میں نے مختلف یوٹیلیٹی سٹورز کے سرپرائز دورے کئے ہیں ، مجموعی طور پر تمام انتظامات اطمینان بخش ہیں، تاہم شہریوں سے اپیل ہے کہ اگر کہیں یوٹیلیٹی اسٹورز پر کوئی کرپشن کی شکایات ہوں تو اس کی اطلاع فورا دیں تاکہ ایسے کرپٹ عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جا سکے - قبل ازیں وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے شیخوپورہ میں یوٹیلیٹی سٹور کا دورہ کیا، رمضان پیکج کے ترسیل اور عوام تک رسائی کا جائزہ لیا اور انتظامیہ کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔