لاہور: (اپنے رپورٹر سے) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے وزیراعظم شہبازشریف نے آئی ایم ایف اہداف پورے کرنے کیلئے وزرا کو ٹاسک سونپ دئیے، مثبت پالیسیوں سے روپے کی قدر مستحکم، آنےوالے دنوں میں عوام کو مزید خوشخبریاں ملیں گی، ٹیکس نیٹ کا دائرہ کار وسیع کیا جائےگا، پسے طبقے پر اضافی بوجھ نہیں ڈالا جائےگا، ملک کو جلد بحرانوں سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے، پی ٹی آئی نے اپنے دور میں صرف سیاسی انتقام پر توجہ مرکوز رکھی، معیشت کا جنازہ نکالا، (ن) لیگی اقدامات کی کاپی ہی کرلی ہوتی تو ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوچکا ہوتا، سی پیک کےساتھ جو کچھ کیا پوری قوم نے دیکھا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔
عطا تارڑ نے کہا ہر وزارت کو حقیقت پر مبنی اہداف دئیے گئے، ٹیکنالوجی کے ذریعے کارکردگی کو جانچا جائیگا اور کابینہ اجلاس میں جواب طلبی کی جائیگی، وزارتوں کو تجارتی خسارے، مہنگائی میں کمی، قرضوں کی ری سٹرکچرنگ، ایف بی آر کی ڈیجیٹلائز، غیرقانونی اسلحہ کےخلاف کریک ڈاو¿ن، سمگلنگ کی روک تھام سمیت اہم ٹارگٹ دئیے گئے ہیں، خوداحتسابی کا نظام بھی وضع کردیا۔
وزیر اطلاعات نے کہا دنیا میں آئی ٹی ماہرین کی مانگ ہے، پے پال جیسی سہولیات کو فعال کرنا اور ملک میں جدید ڈیجیٹل نظام لانا اہم اہداف ہیں، کوشش کریں گے ایکس، فیس بک و انسٹاگرام کے دفاترپاکستان میں کھولے جائیں، بہت سے محکمے برائے نام چل رہے ہیں، دوسرے محکموں کےساتھ ضم کریں گے، پی آئی اے کا سالانہ خسارہ 80 ارب ہے، نجکاری کا معیشت پر مثبت اثر پڑیگا، کمرشل بینکوں کےساتھ پی آئی اے کے معاملات خوش اسلوبی سے طے پا گئے۔
عطا تارڑ نے کہا وزیراعظم شہبازشریف نے کابینہ اجلاس میں اراکین پر زور دیا کہ ملکی معاشی بہتری کےلئے 5 سال کی مدت میں دن رات محنت کرنا ہوگی، غیرملکی قرضوں کا بوجھ کم ، جی ڈی پی میں اضافہ، روزگار کے مواقع پیدا، زراعت و آئی ٹی شعبوں کو ترقی، توانائی شعبے میں اصلاحات ،سمگلنگ کا خاتمہ کرنا ہوگا، معیشت کا پہیہ چلے گا تو ہی ملک ترقی کریگا، ہر وزارت کو بتایا گیا آپکے شارٹ اور لانگ ٹرم پروگرام ہونے چاہئیں،کابینہ اراکین تنخواہ و مراعات نہیں لے رہے، حکومتی اخراجات میں کمی کیلئے قائم کردہ کمیٹی چند دنوں میں رپورٹ پیش کریگی، سنجیدگی و غور و فکر سے تمام معاملات کو حتمی شکل دی گئی ،بلیک اکانومی کا خاتمہ کیا جائیگا، اچھے کام کرنےوالے فرض شناس افسروں کی حوصلہ افزائی، کرپٹ عناصر کا خاتمہ کیا جائےگا۔
وزیر اطلاعات نے کہا سمگلنگ ملکی معیشت کےلئے ناسور ہے ،روک تھام کےلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں، عوام کی مشکلات دور کرنے میں آسانی ہوگی،اہداف کو پوراکرنے کےلیے اپنا خون پسینہ لگائیں گے، ایندھن کی سب سے زیادہ کھپت موٹر سائیکلوں میں ہو رہی ہے، قابو پانے کےلئے الیکٹرک بائیکس متعارف کرانے کی پالیسی لائیں گے، آنےوالے دنوں میں عوام کےلئے مزید ریلیف کا اعلان کیا جائےگا۔
دریں اثنا چرچ کوٹ لکھپت میں ایسٹر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا پاکستان بنانے میں مسلمانوں کےساتھ ساتھ مسیحی برادری کا کلیدی کردار ہے، ایسٹر کے موقع پر امن، برداشت، بھائی چارے و ہم آہنگی کا پیغام دینا ہے۔ نفرتوں، تشدد اوراختلافات کو رد کرنا ہوگا، آئین میںسب کے حقوق برابر ہوں گے، سب کو یکساں مواقع میسر ہوں گے۔
IMF اہداف پورے کیلئے وزراءکو ٹاسک تفویض،مزید خوشخبریاں ملیں گی: عطا تارڑ


















