اقلیتوں کی طرف اٹھنے والے ہاتھ اور میلی آنکھ سے سختی کےساتھ نمٹیں گے،مریم نواز

لاہور،شیخوپورہ:( اپنے رپورٹر سے،بیورورپورٹ)مریم نواز 131سال میں مریم آباد چرچ آنےوالی پہلی وزیر اعلیٰ پنجاب بن گئیں،ایسٹر پر مسیحی برادری کی خوشیوں میں شریک ہوئیں اورصوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایسٹر گرانٹ کا اجرا کیا۔

مریم نواز نے شیخو پورہ کے نواح میں مسیحی برادری کی بستی کے گھروں میں خود جاکر مسیحی گھرانوں کو ایسٹر گرانٹ کے چیک پیش کئے،مبارکباد دی،مسیحی خاندان نے وزیر اعلیٰ کا پرجوش استقبال کیا،مریم نواز نے مسیحی خواتین کو گلے لگا کر مبارکباد دی،خواتین سے گھل مل گئیں اور سوال کیا آپ نے ایسٹر پر کیا پکا یا، کپڑے کیسے بنائے۔

وزیراعلیٰ نے بزرگ خاتون کی عینک پر اٹکی پھول کی پتی اپنے ہاتھ سے نکالی،مسیحی خواتین نے مریم نواز کو بہت سی دعائیں دیں اور آمد پر شکریہ ادا کیا،مریم نواز نے مسیحی گھرانے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ایسٹر پر مسیحی برادری کی خوشیوں میں شریک ہیں،مسیحی رہنماﺅں کے ساتھ ملکرایسٹر کا کیک بھی کاٹا۔

بعد ازاں وزیر اعلیٰ مریم نواز قومی زیارت مقدسہ مریم چرچ، مریم آباد بھی گئیں،مسیحی خاندانوں میں ایسٹر گرانٹ تقسیم کی،پنجاب بھر میں 10ہزار مسیحی خاندانوں کو 5ہزار فی کس عیدی دی گئی،مریم نوازنے جی بی ایسٹرکی دعائیہ تقریب میں شرکت کی، مریم آباد چرچ کے فادر طارق جارج نے بائبل پڑھ کر سنائی،وزیر اعلیٰ مریم نواز و دیگر مہمان قومی ترانے کے احترام میں کھڑے ہوگئے۔

مریم نوازنے ایسٹر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہامیرا خواب ایسا پاکستان ہے جہاں اکثریت و اقلیت مل جل کر رہیں، ایسا پاکستان ہو جہاں ہر ایک کو اپنی عبادت کرنے کی آزادی ہو اور پورا تحفظ ملے،ایسا پاکستان ہو جہاں مذہب و عقیدے کی بنیاد پر کوئی کسی کو نقصان نہ پہنچا سکے،اقلیتوں کی طرف اٹھنے والے ہاتھ اور میلی آنکھ سے سختی کےساتھ نمٹیں گے،تمام مسیحی برادری کو قائد نواز شریف کی طرف سے ایسٹر پر مبارکباد کا پیغام دیتی ہوں ۔